Ibtadai Tibbi Imdad - Article No. 3197

Ibtadai Tibbi Imdad

ابتدائی طبی امداد - تحریر نمبر 3197

ڈیجیٹل ٹولز،ایپس اور ٹیلی میڈیسن کا استعمال کر کے زندگی بچائیں

منگل 3 اکتوبر 2023

ہومیو کنسلٹنٹ ڈاکٹر جاوید اقبال
اچانک بے ہوشی،جان جانے کا خطرہ،شدید درد،طبی پیچیدگیاں اور دیگر طبی تکالیف کے پیشِ نظر کسی کی زندگی بچانے کی کوشش اور طبی تکلیف کی شدت کم کرنے کے لئے بطور معاون سب سے پہلے جو طریقے اور ادویہ استعمال کی جاتی ہیں،انہیں ابتدائی طبی امداد یا فرسٹ ایڈ کہتے ہیں۔فرسٹ ایڈ کے بعد مریض اپنی تکلیف میں کمی محسوس کرتا ہے اور ہسپتال پہنچنے کے دورانیے تک مزید حالت بگڑنے،پیچیدگیاں پیدا ہونے اور اذیت ناک طریقے سے مرنے سے خاصی حد تک محفوظ رہتا ہے۔
فرسٹ ایڈ کی اہمیت و افادیت اور تربیت کے حصول کی جانب متوجہ کرنے کے لئے انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کے زیرِ اہتمام پہلی بار 2002ء میں ستمبر کے دوسرے ہفتے کو ”ابتدائی طبی امداد“ کا عالمی یوم منتخب کردہ تھیم کے ساتھ منایا گیا،جس کے بعد ہر سال یہ یوم منایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

رواں برس یہ یوم 9 ستمبر کو منتخب کردہ تھیم ”First Aid In The Digital World“ کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

یعنی ”ڈیجیٹل دنیا میں ابتدائی طبی امداد“۔مذکورہ تھیم کا انتخاب اس لئے کیا گیا ہے،تاکہ دنیا بھر میں ہر سطح تک ہنگامی حالات میں جان بچانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق معلومات عام کی جائیں کہ کس طرح ڈیجیٹل ٹولز اور وسائل کو ابتدائی طبی امداد اور تعلیم فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے،اسمارٹ فون ایپس اور آن لائن ویڈیوز سے لے کر ورچوئل رئیلٹی سمیلیشنز اور ٹیلی میڈیسن تک۔

فرسٹ ایڈ ایسی ہی صورتِ حال میں پیشہ ورانہ طبی امداد میسر آنے یا ہسپتال پہنچنے سے قبل زخمی یا بیمار افراد کو مہیا کی جانے والی بروقت اور فوری مدد کا نام ہے۔عام طور پر فرسٹ ایڈ کی ضرورت جن صورتوں میں پڑتی ہے،وہ یہ ہیں۔حادثات(متحرک شے کا آ کر لگنا)جل جانا،تیز بخار،فریکچر،سانس رُکنا،ڈوبنا،شدید درد،جسم پر تیزاب گرنا یا پی لینا،کرنٹ لگنا،پیشاب بند ہونا،نبض محسوس نہ ہونا،بم بلاسٹ(دستی بم،گرنیڈ)نئی بیماری کا شدید حملہ،کوما(بالکل بے ہوش ہونا)سیلاب،کسی سواری سے(مثلاً گھوڑا،اونٹ،گدھے یا موٹر سائیکل)گرنا،کسی جانور(کتے،گھوڑے بلی)کا کاٹنا،ملبے تلے دبنا،گاڑی یا کان میں پھنس جانا،شاک (صدمہ گھبراہٹ)اتفاقیہ چوٹ(خود کسی چیز سے جا کر ٹکرانا)ہارٹ اٹیک،کارڈیک فیلیئر،شدید جریان خون،تھرمل انجریز،بچے کی پیدائش کا آغاز،سر کی چوٹ،زہر خوردنی،دورے پڑنا،بلڈ پریشر محسوس نہ ہونا،جنگی حالات،پرانی بیماری کا شدید حملہ،پیٹ سینہ میں خنجر یا گولی کا شدید زخم،زلزلہ،کسی بلند مقام مثلاً درخت،سیڑھی،کھمبے،دیوار سے گرنا،کسی زہریلی شے کا ڈسنا،ڈنگ مارنا،کسی کنوئیں،غار،گہری یا گڑھے میں گرنا اور زد میں آ جانا وغیرہ۔

اگر کوئی فرد حادثے کا شکار ہو جائے،تو ہسپتال لے جانے سے قبل کا وقت بے حد اہم ہوتا ہے کہ اس دورانیے میں مہیا کی جانے والی ابتدائی طبی امداد کسی بڑے نقصان سے بچانے میں نہایت موٴثر ثابت ہو سکتی ہے۔جیسا کہ فوری طور پر نظامِ تنفس (سانس) بحال کرنے کی کوشش،خون کا اخراج روکنا،پریشر بنڈیج یا ٹونی کیٹ باندھنا،مریض کو شاک کی کیفیت سے نکالنا،شاک کی وجوہ دُور کرنا،ڈوبنے پر پیٹ سے فوری پانی نکالنا اور سانس بحال کرنا،ہڈی ٹوٹنے (فریکچر) کے پیشِ نظر سپلنٹ لگانا (سہارا دینا) تیز بخار کی صورت میں ٹھنڈے پانی کی جسم پر پٹیاں رکھنا (کولڈ اسفنجنگ) بچے کی پیدائش کے وقت ماں اور نومولود کو سنبھالنا،زہر خوردنی کی صورت میں مخصوص ادویہ کا استعمال اور معدہ واش کرنا،سانپ کاٹنے پر چیرا دے کر زخم کو خوب اچھی طرح دھونا اور پریشر بنڈیج یا ٹونی کیٹ باندھنا،باؤلے کتے یا باؤلے جانور کے کاٹنے پر زخم کو صاف پانی سے مل مل کر دھونا،ڈی ہائی ڈریشن کی صورت میں فوری طور پر پانی اور نمکیات کی کمی پوری کرنے کے لئے خون لگانا،شدید اور خطرناک بلیڈنگ کے پیشِ نظر فوری طور پر کمی پوری کرنے کے لئے خون لگانا،نبض اور بلڈ پریشر نارمل حالت میں لانے کے لئے مختلف طریقے اور ادویہ کا استعمال،سانس کی تنگ،آکسیجن کی کمی،دل کی تکلیف،شاک اور کوما کی حالت میں آکسیجن لگانا،ناقابلِ شدید درد کم کرنے کے لئے فوری ادویہ کا استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا،پیشاب بند ہونے کی صورت میں فوری نالی ڈالنا،تاکہ پیشاب خارج ہو سکے،تیزاب سے جسم جلنے کی صورت میں فوری طور پر زخم دھو کر جلن ختم کرنا،دورہ پڑنے کی صورت میں منہ کھولنا اور دانتوں کے درمیان ائروے لگانا،ریلوے یا روڈ حادثات کی صورت میں زخمیوں کو باہر نکالنا،آگ میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالنا،بے ہوش مریض کے گلے میں بلغم اور رطوبت صاف کر کے سانس کی تنگی دور کرنا،بے ہوش مریض کی قے کرنے سے منہ اور گلے سے مواد کو اچھی طرح صا ف کرنا،کسی دوا کے ری ایکشن کے پیشِ نظر فوری طور پر سنبھالنا،اسٹیرائڈز اور اینٹی الرجی انجکشن لگانا،سر کی چوٹ کی صورت میں بے ہوش مریض،قریب المرگ کے گلے سے بلغم اور رطوبت صاف کرنا اور احتیاط سے ایک کروٹ لٹانا وغیرہ۔

فرسٹ ایڈ کا عالمی دن منانے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت حاصل کرنے کی راغب کیا جائے،کیونکہ ابتدائی طبی امداد کی فراہمی ہر بیمار یا زخمی کا بنیادی حق ہے۔مختلف ممالک میں دل کے عوارضات سے بچنے کے لئے عوام کو صحت بخش طرزِ زندگی سے آگاہ کرنے کے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے،جن میں سے ایک پروگرام ”نیو اسٹارٹ“ (New Star) بھی ہے،جس کے مطابق ہر انسان کو درج ذیل ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔
اس پروگرام پر عمل کے نتیجے میں نہ صرف دل کے امراض،بلکہ دیگر کئی طبی مسائل سے بھی محفوظ رہا جا سکتا ہے۔”این“ سے مراد نیوٹریشن ہے،جس میں غذا اور غذائیت میں سادگی اپنائی جائے۔”ای“ کا مطلب ایکسرسائز ہے،تو مناسب ورزش کو معمول بنایا جائے۔”ڈبلیو“ کا لفظ واٹر یعنی زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائے،اور صاف پانی میسر نہ ہونے پر پانی کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔
”ایس“ سے مراد سن لائٹ ہے۔مخصوص اوقات میں کچھ دیر کے لئے جسم کو دھوپ لگوانا ضروری ہے،تاکہ وٹامن ڈی کی کمی نہ ہو۔”ٹی“ سے مراد Temperance ہے،جس کے معنی اعتدال،خصوصاً کھانے پینے میں ہے۔”اے“کا لفظ ایئر یعنی ہوا کے لئے استعمال کیا گیا ہے۔ہوا انسانی صحت و زندگی کی بقاء کی ضمانت ہے۔صاف اور صحت مند ماحول میں سانس لینے سے صحت مند ہوا جسم میں جاتی ہے،جس کی وجہ سے انسان بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔
”آر“ سے مراد Rest ہے۔آرام کرنے سے انسان توانا رہتا ہے۔ہر وقت کام میں لگے رہنا بہت جلد کمزور کر دیتا ہے۔”ٹی“ کا لفظ Trust In Divine Power کے لئے استعمال کیا گیا ہے۔اللہ تعالیٰ کی ذات پر کامل یقین ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے۔
اس طرح Restore Your Heart یعنی ”اپنے دل کو تازہ دم کریں“ ہے،جس میں ”ری اسٹور“ لفظ ہی میں ایسی تمام ہدایات دی گئی ہیں،جن کے ذریعے انسان خود کو مجموعی طور پر تازہ دم کر سکتا ہے۔
ری اسٹور کے پہلے لفظ ”آر“ سے مراد ریلیکسیشن ہے۔یعنی اپنے جسم کو ریلیکس کریں،جس کے لئے کبھی کبھار تفریح کے لئے ضرور وقت نکالیں۔”ای“ کا مطلب Exercise ہے اور ورزش ذہنی و جسمانی صحت کی تندرستی کے لئے ازحد ضروری ہے۔”ایس“ کا مطلب Silence اخذ کیا گیا ہے۔خاموشی میں عافیت پوشیدہ ہے۔جو فرد جتنا خاموش رہتا ہے،اتنا ہی دُکھ و تکالیف سے محفوظ رہتا ہے۔
”ٹی“ سے مراد Thoughts ہے۔مثبت سوچ انسان کی بقا کے لئے ضروری ہے۔”او“ کا لفظ Others کے لئے استعمال کیا گیا ہے۔دیگر افراد کو مناسب وقت دینا ناصرف سماجی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے،بلکہ صحت کے لئے بھی ضروری ہے۔”آر“ سے مراد Respiration ہے۔سانس کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں۔سانس لینے کا درست طریقہ نہ صرف زندگی کا دورانیہ بڑھاتا ہے،بلکہ انہیں خوشگوار بھی بناتا ہے۔
”ای“ کا لفظ Eating And Drinking کے لئے استعمال کیا گیا ہے۔کھانا پینا انسان کی بنیادی ضرورت ہے،لیکن خیال رہے کہ کھانا زندگی کے لئے ہونا چاہیے،نہ کہ زندگی کھانے پینے کے لئے ہو۔بدقسمتی سے ہمارے یہاں ابتدائی طبی امداد سے متعلق معلومات کا سخت فقدان پایا جاتا ہے،بلکہ اکثر اوقات یہ دیکھا گیا ہے کہ امدادی رضاکار مناسب معلومات نہ ہونے کے سبب زخمی/بیمار کی تکلیف کم کرنے کی بجائے اس میں اضافے کا سبب بن جاتے ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ درسگاہوں،دیگر تربیتی اداروں،دفاتر،پارکس اور دیگر عوامی مقامات پر کیپس قائم کر کے فرسٹ ایڈ سے متعلق معلومات اور تربیت فراہم کی جائے،تاکہ لوگ خاموش تماشائی بننے اور سیلفیز وغیرہ لینے کے بجائے طبی تکلیف سے دو چار یا حادثے کے شکار افراد کی مدد کر کے قیمتی جان کو بچانے میں معاون ثابت ہو سکیں۔

Browse More First Aid Tips - Ibtadai Tibbi Imdad

Special First Aid Tips - Ibtadai Tibbi Imdad article for women, read "Ibtadai Tibbi Imdad" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.