تنقید برائے تنقید

Tanqeed Baraye Tanqeed

Shabbir Chohan شبیر چوہان پیر 23 دسمبر 2019

Tanqeed Baraye Tanqeed
اگر کوئی کچھ اچھا کر رہا ہو تو ہم بجائے اس کو سراہنے کے تنقید کا نشانہ کیوں بنانے لگتے ہیں؟انسانی فطرت دن بدن پستی کی جانب کیوں جا رہی ہے تنقید برائے تنقید آج کے دور کا ایک بہت بڑا المیہ ہے بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ وہ کسی شخص کو کوئی نیکی والا یا مثبت عمل کرتے دیکھیں تو بجائے اس کا حوصلہ بڑھانے کے اس کو تنقید کا نشانہ بنانے لگتے ہیں کہ تم تو یہ سب دکھاوے کے لئے کر رہے ہو تم کون سا نیک انسان ہو تم نے آج تک کونسا اچھا کام کیا ہے جو اب یہ یاد آگیا تم نے فلاں وقت غلط کام کیا تھا۔


اب نیکی کی یاد کیسے آ گئی تمہاری زندگی تو گناہوں سے بھری پڑی ہے پھراس ایک عمل سے کیا کمالو گے اور اسی طرح کی مزید باتیں یا تو خود اس شخص کو سننے کیلئے مل جاتی ہیں یا پھر اس کی غیر موجودگی میں اس کی ذات کی برائیاں اور منفی پہلو گنوائے جا رہے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسی تنقید کرنے والوں سے کوئی پوچھے کہ تم بہتر ہو یا وہ شخص جو کم از کم اب تو نیکی کا کام کر رہا ہے جبکہ تم تو اس سے بھی ہاری ہو فیصلہ کرنا بہت آسان ہے کہ کون غلط نہج پر ہے ایک گناہ گار جو کم از کم اب ایک اچھا عمل کرنے کی سوچ لے یا پھر ایسی حوصلہ شکن باتیں کرنے والے ایسے لوگ محض تنقید کے شوقین ہوتے ہیں وہ اس معاشرے میں عزت پا بھی لیں تو خدا کے ہاں تو عزت کا معیار تقویٰ ہے۔

ہو سکتا ہے کہ اس گناہگار کی عزت اس کی نیت کی بنا پر خدا تعالی کے ہاں ایک چھوٹے سے عمل سے ہی ایسے لوگوں کی نسبت کہیں زیادہ ہو جائے جبکہ ایسے تنقید کرنے والوں کے بڑے بڑے اعمال بھی قبولیت کا شرف حاصل کرنے سے محروم رہ جائیں۔اگر کوئی بولا بسرہ گنہگار اچھا بننے اور کچھ اچھا کرنے کا سوچ رہا ہو تو کیا اس کے ساتھ ایسا سلوک کرنا چاہئے کیا اس کی تعریف کر کے اس کا حوصلہ نہیں بڑھانا چاہیے تاکہ معاشرے کی برائیاں کم ہوسکیں۔

آخر کوئی انسان کسی دوسرے کے اعمال کا تجزیہ کرنے اور اس کی بنیاد پر اچھا یا برا قرار دینے والا کون ہوتا ہے۔جب سزا اور جزا اللہ پاک کے ہاتھ میں ہے انسان کیوں دوسروں کی غلطیاں نظر انداز کرنا نہیں سیکھتا کیا وہ یہ بھول جاتا ہے کہ ایک ولی کا بھی کوئی ماضی تھا اور ایک گناہگار کا بھی مستقبل ہے۔
غلطی تو سب سے ہوتیں ہیں مگر کیا اہمیت یہ بات نہیں رکھتی کہ کون سیدھی راہ اپنا لیتا ہے وہ جو تنقید کرتے ہیں وہ خود بھی غلطیاں کرتے ہیں تو دوسروں پر تنقید کرتے ہوئے کیوں بھول جاتے ہیں کہ انسان فرشتہ نہیں ہو سکتا۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا بلاگ کے لکھاری کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

© جملہ حقوق بحق ادارہ اُردو پوائنٹ محفوظ ہیں۔ © www.UrduPoint.com

تازہ ترین بلاگز :