تھائی لینڈ کا نیا وزیراعظم اگلے دو ہفتوں میں نامزد کردیا جائے گا‘ جنرل سونتھی

بدھ 20 ستمبر 2006 16:10

تھائی لینڈ کا نیا وزیراعظم اگلے دو ہفتوں میں نامزد کردیا جائے گا‘ جنرل ..
بنکاک (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) تھائی لینڈ میں بغاوت کے بعد فوج کے سربراہ جنرل سونتھی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ نئے وزیرِ اعظم کو اگلے دو ہفتوں میں نامزد کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس دو ہفتے ہیں جس میں نئے وزیرِ اعظم کو نامزد کر دیا جائے گا اور اس کے بعد ہم واپس چلے جائیں گے۔فوجی حکمرانوں نے یہ یہ اعلان بھی کیا ہے کہ علاقائی فوجی کمانڈر بنکاک کے باہر کے علاقوں کا چارج سنبھالیں گے۔

فوجی بغاوت کے سرخیل سونتھی بونیاراتگلن نے قومی ٹیلی وڑن پر آ کر کہا ہے کہ کئی مہینے کے سیاسی انتشار کے نتیجے میں فوج نے صرف قوم کو متحد کرنے کے لیئے اقتدار سنبھالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنا جلد ممکن ہوا اقتدار عوام کو لوٹا دیا جائے گا۔ فوجی حکمرانوں نے پانچ یا زیادہ افراد کے سیاسی اجتماع پر پابندی کا اعلان کیا ہے اور میڈیا پر کنٹرول کی پالیسی عائد کر دی ہے۔

(جاری ہے)

بنکاک میں ٹینکوں پر پیلے رنگ کے فیتے باندھ رکھے ہیں جس سے بادشاہ کی ساتھ وفاداری کا اظہار مقصود ہے۔بی بی سی کے مطابق بظاہر بنکاک میں کوئی غیرمعلولی صورتِ حال نظر نہیں آتی۔ بازار کھلے ہیں اور ٹرینیں چل رہی ہیں صرف ان پر رش زیادہ ہے۔بی بی سی ورلڈ، سی این این اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی نشریات ٹی وی پر نہیں دکھائی جا رہیں اور تھائی لینڈ کے مختلف سٹیشن شاہ سے وفاداری کے گیت دکھا رہے ہیں۔

فوجی سربراہ نے کہا کہ ملک کا آئین، سینٹ، ایوانِ نمائندگان، کابینہ اور آئینی عدالت سب کو برخواست کر دیا گیا۔ تاہم کونسل آف ایڈمنسٹریٹو ریفارم ملک میں صورتِ حال کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔اعلان کے مطابق تختہ الٹنے والے جرنیلوں نے تھائی لینڈ کے بادشاہ سے بھی ملاقات کی۔ تاہم بی بی سی کے مطابق ابھی تک بادشاہ کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی بیان نہیں آیا ہے۔

متعلقہ عنوان :