کینیڈین پولیس نے عرب نژاد شہری سے معافی مانگ لی

جمعہ 29 ستمبر 2006 16:32

اوٹاوا (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 29ستمبر2006) کینیڈا میں قومی پولیس کے سربراہ نے عرب نڑاد کینیڈین شہری سے معافی مانگ لی ہے جس کو امریکی حکام نے نیو یارک کے جے ایف کے ایئرپورٹ پر گرفتار کر کے شام بھیج دیا تھا۔ رائل کینیڈین ماوٴنٹڈ پولیس (آر سی ایم پی) کے کمشنر جیولیانو زکارادیلی نے مسٹر عرر سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ان کی پولیس فورس نے غلطیاں کی ہیں۔

ماہر عرر سنہ 2002 میں چھٹی سے واپس کینیڈا آرہے تھے کہ انہیں امریکی حکام نے حراست میں لے لیا کیونکہ انہیں کینیڈا کی پولیس نے ’اسلامی دہشت گرد‘ قرار دیا تھا۔ ان کی پیدائش شام کی تھی اور امریکی حکام نے انہیں شام بھیج دیا۔ ماہر عرر کو ایک سال تک شام کی جیل میں رکھا گیا جہاں ان پر تشدد بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کو کینیڈا کے حکام کی کوششوں کے بعد رہا کیا گیا تھا۔

کینیڈا کی حکومت نے اس واقعہ پر انکوائری کی رپورٹ میں کہا ہے کہ ماہر عرر گیارہ ستمبر کے حملوں کے بعد امریکی رد عمل اور مشتبہ دہشتگردوں کی تلاش میں پھنس گئے تھے۔ یہ رپورٹ گزشتہ ہفتے شائع ہوئی اور اس میں کینیڈا کی پولیس پر سخت تنقید کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کینیڈین پولیس نے اس عرب نڑاد شہری کے بارے میں غلط اور بے بنیاد معلومات فراہم کی تھیں۔ پولیس کے سربراہ نے کہا ہے کہ وہ انکوائری کمیشن کے تئیس سفارشات کو قبول کرتے ہیں، لیکن ان کا مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :