کرپشن تمام برائیوں کی جڑ ہے میں جھوٹ کی سیاست کو نہیں مانتا،وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم ،جب تک اپنے منصب پر موجود ہوں سندھ اور یہاں کی عوام کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے جدوجہد کرتا رہوں گا،حیدرآباد پریس کلب میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 3 اکتوبر 2006 18:39

حیدرآباد(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر۔2006ء) وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ کرپشن تمام برائیوں کی جڑ ہے میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ سچ بولوں میں جھوٹ کی سیاست کو نہیں مانتا، میں نے حکومتیں بنانے گرانے والی شوگر مل مافیا کے سامنے بھی اسٹینڈ لیا ہے اور میں جب تک اپنے منصب پر موجود ہوں سندھ اور یہاں کی عوام کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے جدوجہد کرتا رہوں گا۔

وہ حیدرآباد پریس کلب میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد سندھ کا سیاسی مرکز اور گیٹ وے ہمیشہ سے رہا ہے اور یہاں سندھی اخبارات ایک منفرد حیثیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کہ میں سندھ کی تاریخ بدلوں گا یا خود چلا جاؤں گا لیکن اول روز سے میری یہ کوشش ہے کہ موجودہ نظام ، حکومت اور معاشرے میں ایسی تبدیلی آئے جو عوام کے لئے فائدہ مند ہو، انہوں نے کہا کہ اگر ہم صحیح سمت سے کام کر رہے ہیں تو آپ کو اور معاشرے کے دیگر حلقوں کو ہماری مدد کرنی چاہئے کیونکہ کوئی تنہا برائی کو ختم نہیں کر سکتا، انہوں نے کہا کہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ سیاست ہمیشہ جھوٹ سے ہی کی جا سکتی ہے لیکن میں اس پر یقین نہیں رکھتا میں نے ہمیشہ سچ بات کرنے کی کوشش کی ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے یہ ہمیشہ احساس رہتا ہے کہ میں اگر جھوٹ بولوں گا کہ کرپشن نہیں ہے ہر طرف امن و امان ہے تو اخبارات میں ایسی سرخیاں پڑھنے والے عوام میری بارے میں کیا سوچیں گے کہ وزیر اعلیٰ کتنا جھوٹا شخص ہے، انہوں نے کہا کہ کیونکہ ایک جھوٹ بول کر اسے چھپانے کے لئے کئی جھوٹ بولنا پڑتے ہیں اس لئے میری ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ جھوٹ سے بچا جائے، انہوں نے کہا کہ میری طبعیت ایسی ہے کہ میں کوشش کرنے کے باوجود صحیح بات کہنے سے باز نہیں رہ سکتا جس پر بعض لوگ چڑ جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کرپشن تمام برائیوں کی جڑ ہے کرپشن کو چھپانا ممکن نہیں ہے جو بھی رشوت دے گا وہ کسی اور کو نہیں تو اپنی بیوی کو ضرور بتائے گا کہ میں تو لٹ گیا ہوں کہ میں نے فلاں کو اتنی رشوت دی ہے اور یہ بات پھر معاشرے میں پھیل جائے گی، انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگ بڑے طاقتور ہوتے ہیں وہ کرسیاں ہلا دیتے ہیں اور اچھے لوگ بھی ان کی طاقت سے ہل جاتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے مجھے کرپشن کی لعنت سے بچایا ہوا ہے میں جب تک موجود ہوں کرپٹ لوگوں کے خلاف لڑتا رہوں گا، انہوں نے کہا کہ شوگر مل مافیا حکومت بناتی اور گراتی ہے اس کے پاس بہت پیسا ہے لیکن میں نے اس کے خلاف بھی اسٹینڈ لیا ہے گذشتہ سال چینی کی قیمتیں 50 روپے کلو تک چلی جاتیں لیکن میں نے سختی کی تو وہ 40 روپے کے اندر رہیں، انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ میں بڑکیں مارتا ہوں لیکن میری رائے یہ ہے کہ اگر صرف بڑک مارنے سے ہی کام چل جائے اور عوام کو کچھ فائدہ ہو جائے تو اس میں کوئی حرج نہیں لیکن جو لوگ سیدھے طریقے سے باز نہ آئیں ان کے خلاف عملاً بھی کچھ کرنا پڑتا ہے حکومت کی گڈ گورننس اور رٹ ہوتی ہے جسے قائم رہنا چاہئے حکومت آنی جانی چیز ہے تخت یا تختہ جو لکھا ہے وہ تو ہو ہی جائے گا لیکن میں جب تک موجود ہوں عوام کے مفاد کے لئے کام کرتا رہوں گا، انہوں نے کہا کہ میں نے گنے کی 67 روپے قیمت اپنے لئے مقرر نہیں کی مجھے کاشتکاروں اور مل مالکان دونوں کا مفاد عزیز ہے میری تو خاندانی زمین صرف 300 ایکڑ ہے جس پر 75 ایکڑ گنا ہے چند روپے زیادہ قیمت مقرر کرنے سے مجھے کوئی خاص فائدہ نہیں ہو گا، انہوں نے کہا کہ اگر میں شوگر مل مالکان کے کہنے پر گنے کی قیمت 1 روپیہ من بھی کم مقرر کر دوں تو وہ مجھے کیا کچھ دینے کو تیار نہیں ہو سکتے لیکن اللہ تعالیٰ نے مجھے اس لعنت سے بچایا ہوا ہے میں اپنے منہ میاں مٹھوں نہیں بننا چاہتا آپ کو بھی اس کی گواہی دینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ پیسے میں بڑی طاقت اور چمک ہے لیکن میں اس پر یقین رکھتا ہوں جو اپنے بچوں کو حرام کھلاتے ہیں وہ ہمیشہ اپنے بچوں کے ہاتھوں پھر پریشان بھی ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کرپشن جب ہوتی ہے تو پھر سب برائیاں آ جاتی ہیں منشیات کا کاروبار بھی ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے موقع دیا ہے اقتدار آنی جانی چیز ہے میں عوام کے مفادات اور حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد کرتا رہوں گاسچ میں بڑی قوت ہے، وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ جب میرا نام وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے سامنے آیا تو بہت کچھ ہوا لیکن اللہ تعالیٰ نے مجھے وزیر اعلیٰ بنانا تھا میں بن گیا اور آج موجود ہوں میں اپنی اس حیثیت کو عوام کے مفادات کے لئے استعمال کر رہا ہوں۔