شہریار کے استعفیٰ کی خبر میرے اورٹیم کیلئے کسی سانحے سے کم نہیں، باب وولمر،استعفیٰ کی وجوہات کا علم ہے مگر اس پر بات نہیں کر سکتا، آئی سی سی ٹرافی جیتنے کی کوشش کرینگے، قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو و خبررساں ادارے کو انٹرویو

جمعہ 6 اکتوبر 2006 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اکتوبر۔2006ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر نے کہا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان کے استعفیٰ کی خبر میرے اور میری ٹیم کیلئے کسی سانحے سے کم نہیں، استعفیٰ کی وجوہات کا مجھے علم ہے مگر اس پر بات نہیں کرسکتا۔ جمعہ کے روز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریارخان سے ملاقات کے بعد ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کوچ باب وولمر نے کہا کہ شہریارخان کے استعفیٰ کی خبر میرے اورمیری ٹیم کیلئے کسی سانحہ سے کم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے تنہا کر دیا گیا ہے اس سے زیادہ غمگین شام میری زندگی میں نہیں آئی۔ باب وولمر نے کہا کہ انہیں شہریار خان کے استعفیٰ کی وجوہات کا علم ہے لیکن وہ اس پر بات نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا مورال بلند ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی ٹرافی جتنے کی کوشش کریں گے۔ قبل ازیں ایک خبررساں ادارے کو اپنے انٹرویو میں باب وولمر نے کہا کہ کھلاڑیوں کوکامیابیاں حاصل کرنے کیلئے اپنے رویے تبدیل کرنا ہوں گے۔

باب وولمر نے کہا کہ قیادت سے یونس خان کاانکار اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کرکٹرزکا رویہ درست نہیں ہے اگر پاکستان کو انٹرنیشنل سطح پر ایک مضبوط ٹیم کی طرح ابھرنا ہے تو کھلاڑیوں کواپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔ باب وولمر نے کہا کہ انہوں نے یونس خان کی ہر قدم پر رہنمائی کی ہے اور ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کیلئے ان کی مدد بھی کی ہے لیکن اس کے فیصلے نے انہیں افسردہ اورمایوس کیا ہے۔