امین فہیم نے گرینڈ الائنس کی تشکیل کا مطالبہ ایک بار پھر مسترد کر دیا، مجلس عمل کو اے آر ڈی میں شمولیت کی دعوت،پیپلزپارٹی کے حکومت کے ساتھ رابطوں کی خبریں غلط ہیں، کسی کو اے آر ڈی کا پلیٹ فارم ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، امین فہیم

اتوار 15 اکتوبر 2006 22:50

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر۔2006ء) اتحاد برائے بحالی جمہوریت کے چیئرمین اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر مخدوم امین فہیم نے گرینڈ الائنس کی تشکیل کا مطالبہ ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کو اے آر ڈی میں شمولیت کی دعوت دی ہے اور پیپلزپارٹی کے حکومت کے ساتھ رابطوں کی خبروں کو غلط قرار دیا ہے۔ گزشتہ روز یہاں اپنے ایک بیان اور ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے آر ڈی کو مضبوط بنا کر حکومت کیخلاف تحریک زیادہ موثر انداز میں چلائی جا سکتی ہے۔

امین فہیم نے کہا کہ ایم ایم اے گرینڈ الائنس کی تشکیل کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا کنٹرول سنبھال کر حکومت سے ڈیل کرنا چاہتی ہے جیسا کہ انہوں نے 17ویں ترمیم کے موقع پر کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ کسی کو بھی اے آر ڈی کا پلیٹ فارم ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اے آر ڈی کے سربراہ نے کہا کہ ایم ایم اے حکمرانوں کو ہٹانے کا جھانسہ دے کر انہیں بے وقوف بنانا چاہتی ہے لیکن ایسا نہیں ہو گا۔

مخدوم امین فہیم نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی کے اس بیان پر کہ حکومت کے مخدوم امین فہیم کے ذریعے پیپلزپارٹی سے رابطے ہیں یہ کہا کہ میرا محمد علی درانی کے ساتھ کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہے اگر محمد علی درانی اس حوالے سے کوئی معلومات رکھتے ہیں تو وہ عوام کو بتائیں کہ میرے ساتھ حکومت کس سطح پر بات کر رہی ہے تاکہ غلط فہمی دور ہو سکے۔ مخدوم امین فہیم نے ایم ایم اے کی جانب سے بلوچستان اور سرحد حکومت سے علیحدہ ہو کر حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے اعلان پر ان کا ساتھ دینے کے حوالے سے ایک سوال پر کہا کہ میں انہیں مبارکباد دوں گا۔

متعلقہ عنوان :