ہیرو کبھی نہیں مرتے، قومی خدمت پر ڈاکٹر قدیر خان کے احسان مند ہیں ، لاہور ہائی کورٹ

منگل 17 اکتوبر 2006 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اکتوبر۔2006ء) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اختر شبیر نے کہا ہے کہ ہیرو کبھی نہیں مرتے ڈاکٹر عبدالقدیر نے پاکستان کی جو خدمت کی ہے اس پر ہم سب ان کے احسان مند ہیں عدالت نے یہ ریمارکس مسلم لیگ ن لائرز فورم کی جانب سے ڈاکٹر قدیر خان کے علاج کیلئے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے دیئے سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار نصیر احمد بھٹہ نے کہا کہ وہ ڈاکٹر قدیر کا علاج شروع ہونے پر مطمئن ہیں تاہم وہ چاہتے ہیں کہ صدر پرویز کی کتاب میں سے ڈاکٹر قدیر سے متعلق حصہ حذف کر دیا جائے جس پر جسٹس محمد اختر شبیر نے کہا کہ ہیرو کبھی مرا نہیں کرتے یہ بھی زندہ رہیں گے انہیں عدالتوں کے فیصلوں کی ضرورت نہیں اس لئے انہیں متنازع نہ بنایا جائے جسٹس محمد اختر شبیر نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر کی خدمات سے حکومت کو بھی انکار نہیں اور سب یہ مانتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کی خدمت کی ہے ان کی ڈیلنگ سے اختلاف کیا جاسکتا ہے لیکن ملک کیلئے خدمت پر ہم سب ان کے ممنوں ہیں عدالت نے یہ درخواست نمٹاتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ صدر پرویز کی کتاب کے بارے میں نئی رٹ دائر کریں۔