بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے ڈائیلاگ انتہائی ضروری ہے ‘ صدر مشرف۔۔ شہزادہ چارلس کے دورہ سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے‘ صدر مملکت کی برطانوی ولی عہد سے ملاقات کے دوران گفتگو ۔ صدر مشرف اور شہزادہ چارلس کے درمیان مرزا طاہر کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ‘ برطانوی ٹی وی۔ ڈچز آف کارن وال کمیلا چارلس اور خاتون اول کے درمیان ملاقات

پیر 30 اکتوبر 2006 14:26

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین30اکتوبر2006 ) صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے مختلف مذاہب کے درمیان ڈائیلاگ انتہائی ضروری ہیں۔ شہزادہ چارلس کے دورہ سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں ایوان صدر میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی روابط ‘ سماجی اور فلاحی شعبوں کے فروغ سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران صدر جنرل پرویز مشرف نے بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے مختلف مذاہب کے درمیان ڈائیلاگ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے مکالمے کی ضرورت ہے اور اس کے ذریعے ہی دنیا کے مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ سے دنیا میں پائیدار امن قائم ہو گا اور اس سلسلے میں تمام لوگوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ شہزادہ چارلس سے ملاقات کے دوران صدر مشرف نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان انتہائی گہرے دوستانہ تعلقات ہیں جنہیں مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ چارلس کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان موجود تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

صدر مشرف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور وہ اس کے خاتمے تک اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ملاقات کے دوران صدر مشرف نے پاکستان میں مختلف شعبوں کی ترقی میں شہزادہ چارلس کی چیئریٹی تنظیم کے کردار کو سراہا اور زلزلہ زدگان کی امداد کے لئے برطانیہ کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران شہزادہ چارلس نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں ‘ عورتوں اور بچوں کی سماجی ترقی میں مزید کردا ر ادا کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف مذاہب کے قائدین سے ان کی ملاقات کے ذریعے مذاہب کے درمیان ڈائیلاگ کو فروغ ملے گا۔ جبکہ برطانوی ٹی وی کے مطابق ملاقات سے قبل شزادہ چارلس نے صدر مشرف نے برطانوی شہری مرزا طاہر حسین کی سزا ئے موت کے معاملے پر بھی بات چیت کی جس دوران صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ ہم اس معاملے پر غور کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہو گی کہ اس معاملے پر دونوں اطراف کے لوگوں کو مطمین کیاجائے۔

جبکہ صدر مشرف سے ملاقات کے بعد شہزادہ چارلس وزیر اعظم شوکت عزیز سے بھی ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی ‘ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ڈچز آف کارن وال کمیلا چارلس نے بھی ایوان صدر اسلام آباد میں خاتون اول صہبا مشرف سے ملاقات کی جس دوران دونوں خواتین نے خواتین کی فلاح و بہبود او ر سماجی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔