ترقیاتی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے،صد رمشرف،حکومت عوام کی سلامتی اور تحفظ کیلئے قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی،صدر مملکت کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

پیر 13 نومبر 2006 19:15

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13نومبر۔2006ء) صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ کسی کو بلوچستان میں ترقیاتی عمل میں تخریب کاری کے ذریعے رکاوٹ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور حکومت عوام کی سلامتی اور تحفظ کیلئے قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں بلوچستان کے بارے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

اجلاس میں گورنر بلوچستان اویس غنی ،وزیر اعلیٰ جام محمد یوسف اور سیاسی قیادت نے شرکت کی۔ صدر مشرف نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال میں واضح بہتری آ رہی ہے جس سے ترقیاتی عمل میں حکومت کوششوں کو آگے بڑھانے میں نجی شعبے کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی۔ صدر نے صوبے میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں گوادر کی بندرگاہ اور میرانی ڈیم جیسے منصوبے تکمیل کے مرحلے میں ہیں جبکہ مقامی سطح پر کئی منصوبے مزید تکمیل کے مراحل میں ہیں صدر کو بتایا گیا کہ صوبے میں 138 ترقیاتی منصوبوں پر 184 ارب روپے کی لاگت سے کام جاری ہے ۔

صدر مشرف نے کہا کہ بلوچستان کیلئے وفاقی کومت نے 32 ہزار نوکریاں پیدا کی ہیں جو تمام مقامی افراد سے پر ہو چکی ہیں جبکہ نوکریوں کیلئے بلوچستان کے لئے صوبائی کوٹے میں 3.5 فیصد اضافے کر کے اسے 5فی صد کر دیا گیا ہے جس سے 6ہزار مزید لوگوں کے لئے نوکریاں پید اہونگی۔ صدر نے کہا کہ بلوچستان کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا جبکہ صوبے میں مختلف شعبوں خصوصی لائیو سٹاک ‘فشریز اور کان کنی میں بے پناہ مواقع موجود ہیں جنہیں عوام کی خوشحالی کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں صوبے میں امن و ہم آہنگی کیلئے کئے جانے والے سیاسی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

متعلقہ عنوان :