بلوچستان میں بارش کی شدت میں اضافہ،کچے مکانات گرنے سے 4 افراد ہلاک،13زخمی۔اپ ڈیٹ

پیر 4 دسمبر 2006 19:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4دسمبر۔2006ء) صوبائی دار الحکومت کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں تین روز سے جاری بارشوں نے شدت اختیار کرلی، تربت اور پنجگورسمیت مختلف علاقوں میں برساتی نالوں میں طغیانی ،زیارت، اندرون بلوچستان مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث کچے مکانات گرنے سے دوخواتین سمیت4افراد ہلاک اور13زخمی ہوگئے جبکہ بارشوں کے باعث بیلہ کے قریب پل پانی میں بہہ جانے سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بند ہوگئی جبکہ کوئٹہ زیارت، کان مہترزئی ،قلات اور ہربوئی میں پہاڑوں پر مزید برفباری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا کوئٹہ میں بارش اور سردی کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کررہ گئی سرکاری دفاتر میں حاضری کم رہی آئندہ 24گھنٹوں تتک موسم ابر آلود اور سرد رہنے کا رہیگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق صوبائی دار الحکومت کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں گزشتہ تین روز سے جاری موسلادھار بارشوں نے شدت اختیار کرلی۔کوئٹہ سمیت پشین،چمن،قلعہ عبداللہ ، کچلاک ، خضدار،پنجگور،تربت،نوشکی،دالبدین،مانچھی پور، پنجگور ،خاران،ڈیرہ الله یار،ڈیرہ مراد جمالی‘نصیر آباد، صحبت پور،بھاگ،اوستہ محمد،گنداوہ اور جھل مگسی میں بارشوں کاتیسرے روز بھی سلسلہ جاری رہا۔

مانچھی پور میں شدید بارشوں کے باعث ایک مکان کے کمرے کی چھت گرنے سے دو خواتین ہلاک ہوگئی جبکہ پنجگور اور مچھ میں بھی چھت گرنے سے مزدور سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے۔ادھر ڈیرہ مراد جمالی میں بھی چھت گرنے سے 8افراد زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہیں ۔بیلہ میں ندی کا پل سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے کوئٹہ اور کراچی کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہوگیاتربت اور لسبیلہ میں بھی پل سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے دونوں علاقوں کا زمین رابطہ منقطع ہوگیا۔

جبکہ تیز بارش کے باعث تربت اور پنجگور کے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی ہے اورمواصلاتی نظام شدید متاثر ہوگیا ہے جبکہ ٹیلی فونک رابطے منقطع ہوگئے اور بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ کوئٹہ میں بارش اور سردی کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کررہ گئی سرکاری دفاتر میں حاضری کم رہی زیارت میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اوربرف باری کے بعد سیاحوں کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے جس سے مقامی افراد کے معمولات زندگی میں تیزی آگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا یہ سلسلہ مزید 24گھنٹوں تک جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :