چین پاکستان کو سورج اور ہوا کے ذریعے توانائی حاصل کرنے کی ٹیکنالوجی کی پیشکش کرتا ہے ۔ مسٹر ژنگ چن ژیانگ

جمعہ 12 جنوری 2007 17:24

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین12جنوری2007 ) پاکستان میں چین کے سفیر مسٹر ژنگ چن ژیانگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کو سورج اور ہوا کے ذریعے توانائی حاصل کرنے کی ٹیکنالوجی کی پیشکش کرتا ہے ۔ اس سے پاکستان کو توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی جو ملک کی نشوونما کو متاثر کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تجارت سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فوقیت دیتا ہے۔

وہ گذشتہ روز لاہور ایوان صنعت و تجارت کے خیر سگالی دورے کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ لاہور ایوان صنعت و تجارت کے قائم مقام صدر یعقوب طاہر اظہار‘ سابق صدور بشیر اے بخش‘ میاں مصباح الرحمن‘ میاں انجم نثار‘ میاں شفقت علی‘ سابق سینئر نائب صدر سہیل لاشاری اور سابق نائب صدر محمد علی میاں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے کہا کہ ساؤتھ ایشیامیں پاکستان وہ پہلا ملک ہے جس نے فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر دستخط کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ملک سے باہر آٹھ خصوصی اکنامک زونز قائم کررہا ہے جبکہ سب سے پہلا زون پاکستان میں قائم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے پاکستان تاجروں پر زور دیا کہ چینی مارکیٹوں تک مفت رسائی کی سہولت سے فائدہ اٹھاکر اپنی برآمدات میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے چینی تاجر پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبہ سازی کی خواہش رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر موزوں شعبوں کی نشاندہی کریں جن میں مشترکہ منصوبہ سازی کی گنجائش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ہر سال دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم دوگنا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیرِ اعظم پاکستان شوکت عزیز کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے سلسلے میں تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ نودریافت شدہ رنگین کپاس کی ورائٹی کے سلسلے میں ٹیکنالوجی شیئر کرنا چاہتا ہے۔

اسی طرح پاکستان باسمتی اور دیگر زرعی اجناس کے لیے بھی چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی ایئر لائنز پاکستانی حکام کے ساتھ پاکستان کے مختلف شہروں سے چین کے مختلف علاقوں کے لیے فلائٹس کے سلسلے میں بات چیت کررہے ہیں۔ اسی طرح پی آئی اے نے بھی براہِ راست فلائٹس کے لیے چینی حکام سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی مصنوعات انتہائی ارزاں ہونے کی وجہ جدید ٹیکنالوجی اور مشینوں کا استعمال ہے۔

اس کے علاوہ چین میں افرادی قوت اور توانائی بھی سستی ہے۔ یعقوب طاہر اظہار نے کہا کہ مستقبل قریب میں چینی سرمایہ کاری میں اضافے کی توقع ہے۔ حکومت پنجاب نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں چائنا نیشنل پاور لمیٹڈ کے لیے صنعتی ایریا بشمول پچاس میگاواٹ کا پاور ہاؤس قائم کرنے کی غرض سے پانچ سو ایکڑ زمین مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور راولپنڈی موٹروے پر واقع لیلا کے مقام پر ایک خصوصی چینی انڈسٹریل پارک بھی قائم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ چینی آٹومینوفیکچرنگ کمپنیوں نے پاکستان میں ٹرائی وہیلر بسیں بنانے کے پلانٹس قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ یعقوب طاہر اظہار نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نادر مواقع موجود ہیں کیونکہ پاکستان کی انویسٹمنٹ پالیسی بہت پُرکشش ہے۔ میاں شفقت علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے لاہور ایوان صنعت و تجارت کی خواہش پر جیانگسو پنجاب چیمبر آف کامرس قائم کرنے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔ میاں انجم نثار نے چینی مصنوعات کی انڈر انوائسنگ کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا۔ سفیر نے وعدہ کیا کہ وہ اس قسم کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :