صدر ، وزیراعظم کے احکامات کے باوجود زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کے قرضے معاف نہ ہوسکے

منگل 20 فروری 2007 19:05

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20فروری2007 ) صدر جنرل پرویزمشرف اوروزیراعظم شوکت عزیزکی طرف سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں قرضوں کی معافی کے اعلان کے باوجود زرعی ترقیاتی بنک لمیٹڈ اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن صوبہ سرحد کے متاثرہ ضلع ایبٹ آباد کے لوگوں کو تنگ کرنے لگے، قدرتی آفت سے متاثرہ لوگوں کو 20 سے 50 ہزار روپے کے قرضوں کیلئے نوٹس جاری کر دیئے جس سے پورے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی،ضلع و تحصیل ایبٹ آباد کے رہائشیوں ممتازاحمد، بشیر احمد اور ظہیر احمد نے بتایا کہ انہوں نے زرعی ترقیاتی بنک اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن سے 20 سے 50 ہزارروپے کے قرضے لئے تھے زلزلے سے ان کے گھر تباہ ہوگئے اوراب انہیں تنگ کیا جانے لگا ہے۔

(جاری ہے)

صدر جنرل پرویزمشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز نے قرضوں کی معافی کا اعلان کیا تھا تاہم ایسا نہیں کیا جا رہاہے جس کے باعث متاثرین شدید پریشانی کا شکار ہیں پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہیں ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے ڈسٹرکٹ منیجر ضلع ایبٹ آباد محمد شہریارنے رابطہ کرنے پر بتایا کہ صدر جنرل پرویزمشرف اوروزیراعظم شوکت عزیزکی طرف سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں قرضوں کی معافی کا تاحال کوئی نوٹیفکیشن انہیں نہیں ملا جس کے تحت وہ متاثرین کے قرضے معاف کریں اورنہ ہی کوئی پالیسی بنائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :