وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کی چیف جسٹس کے خلاف پریس کانفرنس اور چیف جسٹس کو ہٹائے جانے کے صدارتی حکم کے خلاف لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں دو الگ الگ پٹیشنز دائر

جمعرات 15 مارچ 2007 15:44

لاہور (اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار15 مارچ2007) وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کی چیف جسٹس کے خلاف پریس کانفرنس اور چیف جسٹس کو ہٹائے جانے کے صدارتی حکم کے خلاف لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں دو الگ الگ پٹیشنز دائر کر دی گئی ہیں ایک شہری اعجاز حسین خوشنود کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کے خلاف دائر کی جانے والی پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف جسٹس کے خلاف ایک پریس کانفرنس کی ہے جس میں انہوں پاکستان کے چیف جسٹس جو ایک آئینی ادارے کی حیثیت رکھتے ہیں کے خلاف نہ صرف غلط زبان استعمال کی گئی ہے بلکہ ان کے خلاف بے بنیاد الزامات بھی عائد کئے گئے ہیں پٹیشن میں وزیر اعلٰی کے خلاف توہین عدالت اور ہتک عزت کے قوانین کے تحت کارروائی کئے جانے کی استدعا کی گئی ہے جبکہ انسانی حقوق کے ایک ادارے محمد اینڈ احمد کی جانب سے چیف جسٹس کو غیر فعال کئے جانے کے صدارتی حکم کے خلاف بھی پٹیشن دائیر کی گئی ہے جس میں عدالت سے اس حکم کو غی آئینی قرار دینے اورچیف جسٹس کو انکے عہدے پر بحال کئے جانے کی استدعا کی گئی ہے۔