چیف جسٹس کا لاہور جاتے ہوئے ہر حلقے میں والہانہ استقبال کیا جائے گا، مجلس عمل کا اعلان

جمعہ 4 مئی 2007 14:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی۔2007ء) متحدہ مجلس عمل نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس کا لاہور جاتے ہوئے ہر حلقے میں والہانہ استقبال کیا جائے گا، سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 8مئی کو طلب کرلیا گیا ہے، سپریم کونسل غیر آئینی ہے اس کو ختم کیا جائے اور چیف جسٹس کو واپس بحال کیا جائے، شہید عامر نذیر چیمہ کی پہلی برسی 13 مئی کو منائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز ایم ایم اے کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ، حکیم قاری گل رحمن، مولانا معراج الدین اور دیگر نے پارلیمنٹ کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی بحران بڑھتا جارہا ہے عوام مشکلات کا شکار ہیں اور عملاً موجودہ نظام ڈھلتا جارہا ہے جنرل مشرف، ایوب خان کی طرح حالات کی خرابی کی آخر کا انتظار نہ کریں اور صدارت سے علیحدہ ہو کر استعفیٰ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں عبوری نظام تشکیل دیا جائے اور اپوزیشن کی جماعتوں کے مشورے کے ساتھ آزاد الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل متنازعہ ہے۔ جس کے فیصلے کی کوئی حیثیت نہیں اور اس کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار کارکنان کو رہا کیا جائے اور حالات کو شدت کی طرف جانے سے روکا جائے۔

مولانا معراج الدین نے کہا کہ فاٹا پرامن علاقہ تھا لیکن جنرل مشرف نے وہاں حلہ کروا کر حالات خراب کردیئے ناحق لوگوں کو مروایا گیا اور اس کا مداوا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف نے ملک کے تمام اداروں کو تباہ کرنے کی کوشش کی لیکن اب وہ چیف جسٹس کو انتہا پسند قرار دے کر عدلیہ کو تباہی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم مطالبہ کرتی ہے کہ جنرل مشرف اپنے احکامات واپس لیں۔

حکیم قاری گل رحمن نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں کو زنگ اور کینسر لگ چکا ہے اب ان بچانا صدر مشرف کا فرض ہے جنرل مشرف اگر اپنا غرور تکبر توڑیں تو حالات ٹھیک ہوسکتے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ چیف جسٹس کی موجودگی میں قائم مقام چیف جسٹس کی تقرری کرنا غلط ہے انہوں نے کہا کہ شہید عامر نذیر چیمہ کی پہلی برسی تیرہ مئی کو ہے اس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کونسل کا اجلاس آٹھ مئی کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام پارٹیوں کے چار ہزار کارکنان گرفتار ہیں ان کو رہا کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ اے پی سی طلب کی جائے۔