بجٹ مایوس کن ہے‘ حکومتی پالیسیاں غریب اور امیر کے فرق کو بڑھا رہی ہیں۔ بینظیر بھٹو

جمعرات 14 جون 2007 12:52

اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار14 جون 2007) پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن سابق وزیراعطم محترمہ بینظیر بھٹو نے بجٹ کو مایوس کن قرار دیا ہے۔ گزشتہ روز یہاں جاری کئے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس بجٹ کو اس بنیاد پر مسترد کرتی ہے کہ فوجی حکومت کی معاشی پالیسیاں غریب اور امیر کے درمیان فرق بڑھا رہی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ایک متحرک اور پرجوش متوسط طبقہ پیدا کرکے غریب اور امیر کے درمیان فرق کم سے کم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ترقی کے تمام دعوے صرف سرکاری اعدادوشمار تک محدود ہیں اور پاکستان کی اکثریت انہیں مسترد کرتی ہے کیونکہ عوام مہنگائی، بیروزگاری اور افراط زر کے بوجھ تلے کچلے جا رہے ہیں۔ جنرل مشرف کی معاشی ٹیم نے امیر اور غریب کے درمیان فرق کو ریکارڈ حد تک پہنچا دیا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاطینی امریکہ جیسی عدم برابری کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جہاں امیر حد سے زیادہ امیر اور غریب حد سے زیادہ غریب ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ناانصافی پر پیپلز پارٹی شدید احتجا کرتی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی غریبوں اور کچلے ہوئے طبقات کی مدد کرنے کا عہد کئے ہوئے ہے اور ملک میں تمام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے میں قطعی ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت افراط زر میں اضافے کی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو قرار دیتی تھی لیکن بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود افراط زر بڑھتا جا رہا ہے۔

کھانے پینے کی اشیاء کے لئے افراطِ زر اب دس فیصد سے زیادہ ہوگیا ہے جو گزشتہ 15سالوں میں سب سے زیادہ ہے اور کسی بھی جمہوری حکومت میں کھانے پینے کی اشیاء کے لئے افراطِ زر اتنا زیادہ نہیں تھا۔ ملک میں قانون کا اطلاق صرف ان لوگوں پر کیا جا رہا ہے جو حکومتی پالیسی کے مخالف ہیں جیسا کہ وکیلوں، میڈیا کے نمائندوں اور حزبِ مخالف کے سیاستدان۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی فرض ہے کہ وہ امن و امان قائم رکھے اور قیمتوں میں استحکام پیدا کرے لیکن موجودہ حکومت ان دونوں فرائض کی انجام دہی میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف افراطِ زر میں اضافہ ہی حکومت کے اس دعوے کو جھٹلاتا ہے کہ غربت کم ہوگئی ہے اور کوئی بھی سنجیدہ معاشی مبصر حکومت کے اس دعوے پر یقین نہیں کرتا کہ غربت کم ہوگئی ہے۔ افراطِ زر میں اضافہ خصوصاً کھانے پینے کی اشیاء میں افراطِ زر میں اضافہ سے سب سے زیادہ غریب اور متوسط طبقہ متاثر ہوتا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی عوام سے اپیل کرتی ہے کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی حمایت کریں تاکہ پاکستان کو ایک منصفانہ، جدید، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :