Live Updates

ملک خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے ‘جنرل مشرف دوبارہ منتخب ہونیکی ضد کی بجائے فورا مستعفی ہو جائیں ۔عمران خان ۔۔14اگست کو اے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے راولپنڈی میں تاریخی جلسہ عام منعقد ہو گا ‘اجلاس سے خطاب

جمعہ 3 اگست 2007 18:36

لاہور (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03 اگست 2007) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ آج پور ا ملک خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے جبکہ جنرل پرویز مشرف مستعفی ہونے کی بجائے موجودہ اسمبلیوں سے ہی وردی سمیت دوبارہ منتخب ہونے کی ضد پر ہیں جس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ تحریک انصاف ہم خیال جماعتوں سے ملکر ان کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دے گی کیونکہ پاکستان مزید آمریت کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔

تمام مسائل کا حل طاقت سے نہیں بلکہ جمہوریت سے ہی ممکن ہے ۔ 14اگست کو راولپنڈی میں اے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے تاریخی جلسہ کیا جائیگا۔ آمریت سے ہاتھ ملانے والوں کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ وہ گزشتہ روز تحریک انصاف پنجاب کے دفتر میں ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پنجا ب کے صدر احسن رشید ‘لاہور کے صدر شبیر سیال ‘جنرل سیکرٹری پنجاب امین ذکی ‘اشتیاق ملک اور دیگر بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں تنظیمی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں عمران خان نے تمام ضلعی صدور کو ہدایت کی کہ وہ متفقہ طور پر اپنے اپنے حلقوں سے امیدوار طے کر کے ہمیں رپورٹ کریں اور جن امیدواروں کو آئندہ انتخابات کیلئے ضلعی تنظیمیں نامزد کرینگی تحریک انصاف کا پارلیمانی بورڈ انہیں ہی ٹکٹ جاری کریگا۔ عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پاکستانی عوام کو ایک نئی سوچ دیگی اور آنے والے دنوں میں تحریک انصاف ایک بڑی پارٹی بنکر سامنے آئے گی جس کے نظریے سے عوام اتفاق کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آمریت کے خاتمے کیلئے چلنے والی تحریک میں جس پارٹی نے اہم رول ادا کیا وہ آج کس منہ سے جنرل مشرف سے اپنے ذاتی مفادات کی خاطر ڈیل کر رہی ہیں اس کا حال بھی حکمران لیگ سے برا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ لال مسجد اور جامعہ حفصہ آپریشن میں معصوم لوگوں کو جانوروں کی طرح ذبح کیا گیا اور ان پر گولیاں برسائی گئیں ۔

جس طرح قبائلی علاقوں میں آپریشن کی تیاریاں کی جار رہی ہیں اور بے گناہ لوگوں کو مارا جا رہا ہے اس سے ملک کے حالات مزید خراب ہونگے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جنرل مشرف فورا مستعفی ہو جائیں کیونکہ اب انکا اقتدار میں رہنا ملک کیلئے خطرے کی علامت بن چکا ہے ۔ اجلاس میں خطاب کے دوران عمران خان نے پارٹی ورکروں سے کہا کہ آپ کو میری جس پالیسی سے بھی اختلاف ہو اس کے بارے میں مجھے فورااپنے تحفظات سے آگاہ کریں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات