بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی دبانے کیلئے 15 نکاتی فارمولہ

جمعہ 31 اگست 2007 12:48

نئی دہلی (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین31 اگست 2007) بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں آزادی کی تحریک کو دبانے کیلئے پندرہ نکاتی فارمولہ پیش کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ماضی کی نسبت جموں وکشمیر میں پرتشدد صورتحال میں کمی آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے اور مجاہدین کی کارروائیوں پر قابو پانے کیلئے پندرہ نکاتی فارمولہ تیار کیا ہے جس پر ریاستی حکومت سے مشاورت کے بعد عمل درآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پندرہ نکاتی فارمولے کے تحت کشمیری مجاہدین کو کارروائیاں ترک کرنے کی صورت میں عام معافی سمیت اقتصادی امداد‘ ملازمتوں‘ قانونی عمل سے چھوٹ اور دیگر مراعات دی جائیں گی۔ دوسری جانب بھارتی وزیر داخلہ شیوراج پاٹیل نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی کی نسبت جموں وکشمیر میں پرتشدد صورتحال میں کمی آئی ہے اور اس سال پہلے چھ ماہ میں تشدد کے واقعات میں کافی کمی دیکھی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ عموماً گرمیوں کے مہینے میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ پہاڑوں پر برف پگھلنے کی صورت میں دراندازی کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے تاہم اس سال دراندازی کے واقعات کنٹرول میں رہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی یہ صورتحال برقرار رہنے کی توقع ہے۔

متعلقہ عنوان :