عدلیہ کا احترام اس کی طرف سے کئے جانے والے فیصلوں سے ہوتا ہے ۔لیاقت بلوچ۔۔۔ اسلام آباد میں جرنیلوں اور بیوروکریٹس کیلئے بے پناہ زمین موجود ہے مگر غریب عوام کے پاس سر چھپانے کی جگہ نہیں‘ کل پاکستان اقلیتی اتحاد کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب و صحافیوں سے گفتگو

منگل 23 اکتوبر 2007 12:07

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23اکتوبر2007) متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے )کے سابق ڈپٹی پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جرنیلوں اور بیوروکریٹس کیلئے بے پناہ زمین موجود ہے مگر غریب عوام کے پاس سر چھپانے کی جگہ نہیں صدر کا انتخاب غیر آئینی تھا عدالت عظمی سے امیدیں وابستہ ہیں تمام ججز کی عزت کرتے ہیں لیکن عدلیہ کا احترام اس کی طرف سے کئے جانے والے فیصلوں سے ہوتا ہے مارشل لاء کا خوف  نظریہ ضرورت کی ایجاد اور ججز کی برطرفی کی تلوار لٹکانا عدلیہ کی توہین ہے عدلیہ آئین و قانون کی بالادستی کے تحت فیصلے کرے ان خیالات کا اظہار انھوں نے سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت اور کل پاکستان اقلیتی اتحاد کے احتجاجی مظاہرے میں اظہار یکجہتی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا لیاقت بلوچ نے کہا کہ فوجی حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث آج ملک چاروں طرف سے خطرات میں گھر چکا ہے امریکہ کی ایما پر فوج کو اپنے عوام کے خلاف استعمال کیا رہا ہے انھوں نے کہا کہ حکمران قومی دولت کو شیر مادر سمجھ کر لوٹ رہے ہیں وفاقی دارالحکومت کے مہنگے ترین سیکٹرز میں جرنیلوں اور بیوروکریٹس کیلئے بے پنا ہ جگہ موجود ہے مگر افسوس ان لوگوں کو غریب عوام نظر نہیں آتے غریب در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں مہنگائی کی لہر کے باعث خودکشیاں کر رہے ہیں مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی انھوں نے کہا کہ صدر کا انتخاب غیر آئینی عمل تھا ہم نے اسے روکنے کیلئے اسمبلیوں سے استعفے دیئے کل ہم قوم کے سامنے کھڑے ہو کر کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے اس غیر آئینی عمل میں اپنا کردار قومی مفاد میں ادا کیا لیاقت بلوچ نے کہا کہ پوری قوم کو عدلیہ سے امیدیں وابستہ ہیں عدلیہ کو جاندار فیصلے کرنا ہوں گے کیونکہ عدلیہ کا احترام اس کے فیصلوں کے مطابق کیا جاتا ہے ہم ججز کی عزت کرتے ہیں مارشل لاء کا خوف  نظریہ ضرورت کی ایجاز اور ججز کی برطرفی کی تلوار لٹکانا عدلیہ کی توہین ہے عدلیہ کو اپنے فیصلے آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے کرنا ہوں گے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایم ایم اے میں کسی قسم کے اختلافات نہیں ہیں انشاء اللہ ہم آنے والے انتخابات میں متحدہو کر حصہ لیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے ۔