انتخابات میں حصہ لینے کافیصلہ ہوا تو الیکشن کو ریفرنڈم بنا دینگے ۔ نواز شریف

ہفتہ 8 دسمبر 2007 18:10

کالاشاہ کاکو(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 08 دسمبر2007 ) مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر انتخابات میں حصہ لینے کافیصلہ ہوا تو الیکشن کو ریفرنڈم بنا دینگے۔ آمریت کے آٹھ سالہ دور حکومت نے ملک و قوم کو بے روز گاری،غربت ، مہنگائی ،لاقانونیت اور جہالت کے تحفہ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ پاکستا ن کی بقاء کے سفر پر نکلے ہیں عوام آئین پر شب خون مارنیوالوں کو مسترد کردیں۔

عدلیہ کی آزادی اور چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت معزول کئے گئے تمام ججوں کی بحالی ہماری پہلی ترجیح ہے۔لٹیرا لیگ سے اتحاد کسی صورت نہیں کرینگے۔وہ ہفتہ کوگوجرانوالہ روانگی کے دوران موٹروے کالاشاہ کاکو انٹر چینج پرسابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا تنویر حسین اور پارٹی کے صوبائی رہنماء چوہدری سجاد حسین چھینہ کی زیر قیادت ایک بہت بڑے استقبالی جلوس کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

جبکہ استقبالیہ جلوس کی قیادت کرنیوالے دیگر عہدیداران میں مسلم لیگ یوتھ ونگ کے صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری نعیم اختر،ڈویژنل عہدیدارمحمد سلیم بھٹی ایڈووکیٹ او ر ڈسٹرکٹ عہدیدار معظم غفار بھی شامل تھے انہوں نے کہا کہ آج ہم جس سفر پر نکلے ہیں وہ سفر پاکستان کی بقاء وخوشحالی،انصاف اور سولہ کروڑ عوام کو آمریت کی زنجیروں سے آزادی دلانے کا سفر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ آج اے پی ڈی ایم کے اجلاس میں کیا جائیگااور اگر حصہ لیا تو الیکشن کو ریفرنڈم بنائینگے۔انہوں نے کہا کہ (ق)لیگ ڈکٹیٹر کو مضبوط کرنے کیلئے ووٹ مانگ رہی ہے جس کے ساتھ اتحاد کسی صورت نہیں ہو سکتا انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی امنگوں کی ترجمان حکومت ہی عوام کے مسائل پر قابو پاسکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :