حکومت نے لاہور ہائی کورٹ کے معزول ججوں کو دوبارہ نظر بند کردیا،گھروں سے باہر نہیں جاسکتے، حکام کی طرف سے نظربندی کی وجہ نہیں بتائی گئی

ہفتہ 8 دسمبر 2007 22:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8دسمبر۔2007ء) پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے لاہور ہائی کورٹ کے معزول ججوں کو رہائش گاہوں پر دوبارہ نظربند کردیا گیا اور ان کے گھروں کے باہر پولیس تعینات کردی گئی۔لاہور ہائی کورٹ کے 10 ججوں نے پی سی او کے تحت حلف نہیں اٹھایا تھا۔ہفتہ کی صبح لاہور ہائی کورٹ کے معزول ججوں کی رہائش گاہوں کے باہرپولیس تعینات کردی گئی اور ان کو اپنی نظربندی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے معزول جج جسٹس خواجہ شریف، جسٹس آصف سعیدکھوسہ، جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس ثائر علی اور جسٹس شیخ عظمت سعید نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدق کی کہ ان کو دوبارہ نظربند کردیا گیا ہے اور وہ ا پنے گھروں سے باہر نہیں جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

معزول ججوں نے کہاکہ انہیں یہ نہیں بتایا گیا کہ نظربندی کیوں عمل میں لائی گئی ہے۔

جسٹس خواجہ شریف نے بتایا کہ پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے تمام ججوں کو ان کے گھروں میں دوبارہ نظربند کردیا گیا ہے۔ یہ ممکن ہے کہ ان کی نظربندی لاہور میں ہونے والے وکلاء کنونشن کی وجہ سے عمل میں لائی گئی ہو ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو یہ خدشہ ہوسکتا ہے کہ پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے جج پنجاب بارکونسل کے زیر اہتمام ہفتہ کو ہونے والے وکلاء کنونشن میں شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :