قوم انتخابات کے التواء پر مبنی لندن پلان مسترد کردے گی۔شیخ رشید۔۔۔مسلم لیگ ن یقینی شکست بھانپ کر الیکشن سے فرار چاہتی ہے،سیاسی رابطوں میں ہمیشہ بریگیڈئرنیاز کااہم کرداررہاہے،غیرملکی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 17 جنوری 2008 16:13

راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 17. جنوری2008 ) سابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا التواء قومی حکومت کے قیام اور نئے الیکشن کمیشن کی تشکیل جمہوریت پر خود کش حملہ ہوگا لندن یاترا ایک پروگرام کے تحت ہورہی ہے قوم لندن پلان کوتسلیم نہیں کرے گی 18 فروری کے الیکشن ملتوی ہوئے تو پھر ملک الیکشن سے مکمل طورپر فارغ ہوجائے گا اور سیاسی دلدل میں پھنس جائے گا عوام کا ایک ہی نعرہ ہے جس کو ووٹ دیں اقتدار اس کو منتقل کردیا جائے جولوگ اپنا اقتدار نہیں دیکھ رہے وہ انتخابی عمل کا التواء چاہتے ہیں مگر مسلم لیگ ق ایسی کسی جماعت کو انتخابی عمل سے فرار کا راستہ اختیار نہیں کرنے دے گی وہ جمعرات کو لال حویلی میں غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کررہے تھے جس میں امریکہ، برطانیہ اور یورپی ممالک کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں نے سابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال عام انتخابات قومی حکومت کے قیام کے حوالے سے سوالات کی نشست کی اس موقع پر غیر ملکی میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لندن منصوبہ قابل قبول نہیں ہوگا عام انتخابات 18 فروری کوہی ہونے چاہئیں الیکشن کے التواء کا ملک متحمل نہیں ہوسکتا قوم پہلے ہی مسائل کی شکار ہے اور ان حالات میں الیکشن ملتوی کرانے والے سیاست دان غیرذمہ داری کامظاہرہ کررہے ہیں یہ وقت سیاسی غیر ذمہ داری کا نہیں ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں جو بات چیت ہورہی ہے میں اس سے مکمل طورپر باخبر ہوں بریگیڈئر نیاز اور صدر مشرف کے درمیان کوئی فرق نہیں دونوں فوج سے ریٹائرڈ ہیں اور تمام سیاسی رابطے بریگیڈئر نیاز کے ذریعے ہی ہمیشہ قائم ہوتے آئے ہیں ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو 18 فروری کو انتخابی عمل میں اقتدار نظر نہیں آرہا جس کی وجہ سے وہ الیکشن کا التواء قومی حکومت کی تشکیل اور نئے الیکشن کمیشن کے قیام کا مطالبہ کررہی ہے اور انہیں معلوم ہے کہ 18 فروری کے انتخابی عمل میں ان کے پاس امیدوار تک پورے نہیں اور کئی حلقے ان کے امیدواروں سے خالی ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں دھکیل کر خود الیکشن سے فرار کے راستے تلاش کررہی ہے شیخ رشید احمد نے کہا کہ قوم کو پل پل حالات سے باخبر رکھونگا اور میرا راستہ اس لیے روکا جارہا ہے کہ میرا رشتہ راولپنڈی کے عوام اور راولپنڈی کی مٹی سے ہے 18 فروری کو دوہرے معیار رکھنے والے بے نقاب ہوجائیں گے سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ 11 محرم سے ایک نئے عزم کے ساتھ انتخابی مہم شروع کرونگا اور جو سچ ہے وہ قوم کو بتاؤنگا کا قوم میں مایوسی پھیل رہی ہے جس کا واحد حل انتخابات ہیں ایک بڑی سیاسی جماعت کو الیکشن میں دھکیل دینے والے کبھی خود الیکشن میں کود پڑتے ہیں اور کبھی الیکشن کے التواء کامطالبہ کرتے ہیں اس سے لگتا ہے کہ وہ انتخابی عمل سے فرار چاہتے ہیں اور مجھے معلوم ہے کہ الیکشن کے قریب یہ جماعت انتخابی عمل سے پیچھے ہٹ جائے گی انہوں نے کہا کہ قومی حکومت کی بجائے عوام کی منتخب حکومت بننی چاہیے شیخ رشید احمد نے کہاکہ آنے والے دور میں زندگی کی اہم سیاسی اننگز کھیلونگا مجھے اور راولپنڈی کو آپس سے صرف موت ہی جدا کرسکتی ہے انہوں نے کہا کہ قوم جب مایوس ہوتی ہے تو قیادت کا قحط پڑجاتا ہے اور خدا اس موقع پر قوم کے لیے ایک نیا لیڈر پیدا کردیتا ہے انہوں نے کہا کہ لندن یاترا کے لیے سارے لیڈر ملک سے باہر جارہے ہیں لندن پلان ایک پروگام کے مطابق ہورہا ہے عام انتخابات ملتوی نہیں ہونے چاہئیں اور الیکشن کا التواء وہ لوگ دیکھ رہے ہیں جن کو اپنا اقتدار نظر نہیں آرہا وہ نہ کھیلیں گے اور نہ کھیلنے دیں گے کسی پالیسی پر عمل پیراہیں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام ایک بار پھر مجھے بھاری مینڈیٹ سے نوازیں گے میں نے ان کے لیے اپنا دن رات ایک کیا ہے اور دوبارہ منتخب ہوکر بھی کرونگا۔