اے این پی نے تین روزہ سوگ کااعلان کردیا ، انتخابی جلسوں میں دھماکے الیکشن ملتوی کرانے کی شازشوں کاحصہ ہے،اسفندیارولی خان

ہفتہ 9 فروری 2008 22:26

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2008ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ انتخابی ریلیوں میں دھماکے الیکشن ملتوی کرانے کی سازشوں کاحصہ ہے تاہم پختون قوم ایسی سازشوں کو جڑ سے اکھاڑدے گی اور عدم تشدد کے ہتھیار سے بے گناہ پختونوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائیگا انہوں نے نحقی خرکئی بم دھماکے میں شہید ہونے والے پارٹی کارکنوں کی المناک موت پرتین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پختون قوم ہزاروں شہداء کے خون کی وارث ہے اور ہمیں ان قربانیوں پرفخر ہے مادر وطن کیلئے پختونوں نے پہلے بھی جان کے نذرانے پیش کئے ہیں اورجمہوریت کی طاقت سے خوفزدہ عناصر کے خلاف آئندہ بھی پختون ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہیں گے انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے ذریعے عوام کی حقیقی قیادت کو تیغ کیاجارہا ہے جس سے قیادت کا بحران مزید سنگین ہوجائے گا اور مفاد پرستوں کو کھل کھیلنے کا موقع ملے گا انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی عدم تشدد کے فلسفے پرکاربند ہے مگر پختونوں کے قتل عام سے پوری قوم میں اشتعال پھیل رہا ہے جوملکی یکجہتی کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر پختونوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائیگا اور نحقی کے شہداءء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔