کامیاب امیدواروں کے گزٹ نوٹیفکیشن کے بعد 45 دن میں انتخابی عذر داریاں پیش کی جاسکتی ہیں ،سیکرٹری الیکشن کمیشن

بدھ 5 مارچ 2008 17:27

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین05 مارچ 2008 ) سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد نے واضح کیا ہے کہ کامیاب امیدواروں کے گزٹ نوٹیفکیشن کے بعد 45 دن میں انتخابی عذر داریاں پیش کی جاسکتی ہیں ، بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1976ء میں انتخابی عذر داریاں دائر کرنے کا طریقہ کار واضح کیا گیا ہے ، الیکشن پٹیشن 45 دن کے اندر سیکرٹری الیکشن کو پیش کی جائے گی جس کے ساتھ مطلوبہ رقم جمع کرانے کی رسید بھی ہوگی انتخابی پٹیشن ذاتی طور پر یا اپنے نمائندے یا رجسٹرڈ ڈاک کے ذریعے بھی پیش کی جاسکتی ہے ، لیکن یہ 45 دن کے اندر مل جانی چاہیئے ، اس کی تین کاپیاں جمع کرائی جائیں گی اور دستاویزات اور گواہوں کے حلف نامے بھی ہمراہ ہونگے اور اس امر کی رسید بھی ہوگی کہ دستاویزات کی کاپیاں مدعا علیہ کو بھی فراہم کی گئی ہیں ، انہوں نے کہا کہ پٹیشن کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا کہ یہ مذکورہ ایکٹ کے سیکشن 54,53,52 کے مطابق ہے یا نہیں اگر اس کے مطابق نہیں ہوگی تو مسترد کردی جائے گی ، بصورت دیگر ٹرائل کیلئے متعلقہ ٹریبونل کو بھیج دی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :