قبائلی علاقوں میں اتحادی افواج کی کارروائی کی ضرورت نہیں ، شاہ محمود قریشی ۔۔۔پاکستانی فورسز عسکریت پسندوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ، انٹرویو

ہفتہ 26 جولائی 2008 16:33

قبائلی علاقوں میں اتحادی افواج کی کارروائی کی ضرورت نہیں ، شاہ محمود ..
لندن(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین26 جولائی2008 ) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں کارروائی کیلئے اتحادی افواج کی ضرورت نہیں اور نہ ہی پاکستانی عوام انہیں خوش آمدید کہیں گے  افغانستان کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے تجاویز دی گئیں لیکن دوسری جانب سے مثبت جواب نہیں ملا حامد کرزئی کو الزامات عائد کرنے سے پہلے پاکستان کے احسانات یاد رکھنا چاہئیں ۔

لندن میں برطانوی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی کے قبائلی علاقوں میں امریکی اور برطانوی فوج کا نہ صرف حکومت بلکہ پاکستانی عوام بھی خیر مقدم نہیں کریں گے۔ پاکستانی فورسز عسکریت پسندوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں،اتحادی فوج کی آمد سے حالات بہتر نہیں ہوں گے،اور ان کی اپنی سیکورٹی مسئلہ بن جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے تجاویز دی گئیں لیکن دوسری جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اتحادی فوج افغان سرحد پر بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرسکتی ہے۔ وزیر خارجہ نے افغان صدر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حامد کرزئی کو الزامات عائد کرنے سے پہلے پاکستان کے احسانات یاد رکھنا چاہئیں، انہوں نے کہ دوطرفہ تعلقات کے لئے ایسے بیانات تعاون میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں۔ ایک سوال کے جوا ب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں کارروائی کیلئے اتحادی افواج کی ضرورت نہیں اور نہ ہی پاکستانی عوام انہیں خوش آمدید کہیں گے