بین الصوبائی گیمز:دفاعی چیمپئن پنجاب کا ٹریننگ کیمپ 7اکتوبر سے شروع ہوگا

پیر 15 ستمبر 2008 15:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر۔2008ء) تیسری بین الصوبائی گیمز کیلئے دفاعی چیمپئن صوبہ پنجاب کے دستے کا تربیتی کیمپ7اکتوبر سے لاہور میں شروع ہوگا۔پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام لگائے جانیوالے تربیتی کیمپ میں پنجاب بھر سے انٹرڈسٹرکٹ مقابلوں میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے اتھلیٹس شرکت کی دعوت دی جائیگی اور کیمپ میں عمدہ فارم اور فٹنس ثابت کرنے والے اتھلیٹ کو پنجاب کے دستے میں شامل کیا جائیگا۔

پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے بتایا کہ بین الصوبائی گیمز میں مضبوط ترین دستے تیار کرنے کیلئے جمعرات کو پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کو ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت صدر شاہد ہاشمی کرینگے جبکہ سیکرٹری سپورٹس بورڈ پنجاب سیدمنور عباس بھی اجلاس میں شرکت کرینگے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں انٹرڈسٹرکٹ میں تمام اضلاح کے سپورٹس آفیسرزکی رپورٹس کا جائزہ لیا جائیگا اور مضبوط دستہ تشکیل دینے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائیگی۔

واضح رہے کہ پنجاب اب تک ہونیوالی دو بین الصوبائی گیمزمیں کامیابی حاصل کرچکا ہے اور ادریس حیدر خواجہ اس بار بھی اپنے صوبے کی کامیابی کیلئے پرامید ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے پاس باصلاحیت کھلاڑیوں کی ایک لمبی کھیپ موجود ہے جو صوبے کے اعزاز کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔تیسری بین الصوبائی گیمز9نومبر سے 12 نومبر تک پشاور میں منعقد ہورہی ہیں۔

گیمز کا افتتاح وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی کریں گے ۔ گیمز میں ملک کے چاروں صوبوں کے 25 سال سے کم عمر کھلاڑی حصہ لیں گے ۔ایونٹ میں کل 18کھیلوں کے مقابلے ہونگے جن میں ریسلنگ، سائیکل ریس اور بیس بال کے مقابلے مردان میں جبکہ باقی تمام مقابلے پشاور میں منعقد ہوں گے ۔سرحد حکومت نے کھلاڑیوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے مکمل طور پر انتظامات کرنے کی یقین دہانی کرائی اور گیمز کے دوران کھلاڑیوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔جبکہ بین الصوبائی گیمز کے انعقاد کیلئے سرحد حکومت نے ایک کروڑ 54 لاکھ روپے مختص کررکھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :