پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹرز کے عہدے ختم کرنے کا فیصلہ

پیر 3 نومبر 2008 12:06

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 3نومبر 2008 ء) پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر زکا عہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ نے بورڈ کے اخراجات کم کرنے کے لئے ڈائریکٹر کا عہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ موجودہ ڈائریکٹرز کو جنرل مینجر کے عہدے کی پیشکش کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ نے ایک لاکھ سے زائد تنخواہ پانے والے تمام ملازمین کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

(جاری ہے)

سابق چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف کے دور میں سات ڈائریکٹرز تھے، جن میں سے مستعفی ہونے والے ڈائریکٹر گیمز اینڈ ڈویلپمنٹ مدثر نذر کی تنخواہ ساڑھے تین لاکھ، برطرف ڈائریکٹر ایچ آر ندیم اکرم دو لاکھ ستانوے ہزار، ڈائریکٹر میڈیا منصور سہیل اڑھائی لاکھ، اور چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی کی تنخواہ چھ لاکھ تہتر ہزار سات سو اکیس روپے تھی۔ ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ذاکر خان تین لاکھ پینتالیس ہزار، ڈائریکٹر ڈومیسٹک سلطان رانا تین لاکھ اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ ڈاکٹر احسن حمید ملک دو لاکھ تریسٹھ ہزار روپے تنخواہ کے ساتھ دیگر مراعات بھی وصول کر رہے ہیں۔