آپریش راہِ راست،گذشتہ24گھنٹوں میں7شدت پسند ہلاک،7گرفتار،2افسران سمیت6سیکورٹی اہلکار شہید،جنوبی وزیرستان میں فورسز کے تازہ دستے داخل

بدھ 24 جون 2009 14:49

مینگورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2009ء) سوات،دیر اور مالاکنڈ میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن راہ راست میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سات شدت پسندمارے گئے جبکہ سات کو گرفتارکرلیا گیا ، شدت پسندوں سے جھڑپوں میں دو افسران سمیت چھ سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے سوات کے علاقے سخارہ میں شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا جہاں ایک شدت پسند مارا گیا جبکہ تین چوری شدہ گاڑیاں اور اسلحہ و بارود قبضہ میں لے لیا گیا ، چار باغ اور منگل تان میں سرچ اینڈ سوئپ آپریشن میں میجر عتیق اور کیپٹن عامر سمیت چھ سکیورٹی اہلکار شہیداورتین زخمی ہوگئے ۔

کبل ، اخون کلے ، دادھرن ، خزانا اور گردی میں سکیورٹی فورسز نے اپنی پوزیشنیں مستحکم کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب گوالرئی سے مقامی کمانڈر عالمگیر اور اس کے والد کو گرفتارکرلیا گیا ، دیر کے علاقے کوٹا میں سرچ آپریشن کے دوران چھ شدت پسند مارے گئے جبکہ سات کو گرفتارکرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے مختلف مقامات پر امدادی سامان کی فراہمی سمیت میڈیکل کیمپ قائم کرکے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں بھی شرپسندوں کے خلاف آپریشن راہ نجات جاری ہے اور فضائی کارروائی کے بعد سیکورٹی فورسز کے تازہ دم دستے جنوبی وزیرستان میں داخل ہوگئے ہیں۔جنوبی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں نے بھی ایک مرتبہ پھر پروازیں کی ہیں جن کو دیکھ کر شدت پسندوں نے جہاز پر زمین سے فائرنگ کی ۔