جرمن سفیرکی رحمن ملک سے ملاقات،حکومت سفارتکاروں کی فول پروف سیکورٹی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھارکھے گی ، وزیر داخلہ

جمعہ 26 جون 2009 19:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون۔2009ء) وزیر داخلہ اے رحمن ملک سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر مائیکل کوچ نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ، جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت سفارتکاروں کی فول پروف سیکورٹی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا بہترین دوست ملک ہے ، جس سے مالاکنڈ اورسوات سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کیلئے امداد کے علاوہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے جس کو پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط ، مستحکم اور پائیدار بنایا جائے گا، سفیر ڈاکٹر مائیکل کوچ نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی ، انہوں نے سفارتکاروں کی سیکورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کرنے پر بھی وزیر داخلہ اے رحمن ملک کا شکریہ ادا کیا ،انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستقبل میں مزید فروغ دیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :