گستاخانہ خاکوں کیخلاف دینی ، سیاسی و سماجی تنظیموں کے مظاہرے ،فیس بک پر سے پابندی اٹھائی گئی تو ملک بھر میں احتجاج کریں گے

اتوار 30 مئی 2010 15:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔30مئی۔2010ء) گستاخانہ خاکوں کیخلاف دینی ، سیاسی و سماجی تنظیموں کے مظاہرے ،جلسے اور حرمت رسول ﷺ کانفرنسیں جاری ، ہزاروں افراد کا تحفظ حرمت رسول ﷺ کیلئے کٹ مرنے کا عزم ، تحریک حرمت رسولﷺ کی لاہور ، گجرات ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں حرمت رسول ﷺ کانفرنسیں ، فیس بک پر سے پابندی اٹھائی گئی تو ملک بھر میں احتجاج کریں گے ، عالمی سطح پر توہین رسالت کیخلاف قانون پاس کروانے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی ، حکمران امریکہ و یورپ کی غلامی سے نکل آئیں مصلحت پسندی چھوڑ کر تحفظ حرمت رسول ﷺ کا فریضہ سر انجام دیں مقررین کے خطابات تفصیلات کے مطابق تحریک حرمت رسول ﷺ پاکستان سمیت دیگر دینی ، سیاسی و سماجی تنظیموں کی اپیل پر گزشتہ روز بھی ملک بھر کے کئی شہروں میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاج کیا گیا لاہور میں تحریک حرمت رسول ﷺ کی جانب سے اعظم کلاتھ مارکیٹ میں ایک بڑی حرمت رسول ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر تاجروں و صنعتکاروں سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی کانفرنس کے دوران گستاخانہ خاکوں کے تذکرہ پر شرکاء میں زبردست غم و غصہ دیکھنے میں آیا اس موقع پر تحریک حرمت رسول ﷺ پاکستان کے کنوینئر مولانا امیر حمزہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ و یورپ مسلمانوں کیخلاف دہشت گردی کا پروپیگنڈہ کرتے ہیں اور وہ خود خاکے شائع کر کے مذہبی و صحافتی دہشت گردی کا ارتکا ب کررہے ہیں کیا مسلم حکمرانوں کی آنکھیں اب بھی نہیں کھلیں کہ دہشت گردی کون کر رہا ہے ؟خاکے شائع کرنے سے بڑا دنیا میں اور کوئی جرم نہیں انہوں نے کہا کہ امریکہ شان رسالت ﷺ میں گستاخیوں کا سب سے بڑا مجرم اور گستاخان رسول ﷺ کی پشت پناہی کر نے والا ملک ہے مسلمانوں کے پاس نبی اکرم ﷺ کی حرمت کے سوا اور کوئی چیز نہیں بچی اس کے تحفظ کے لئے پوری مسلم امہ کو متحدہ و پیدار ہو جا نا چاہیے یو ٹیوب اور فیس بک جیسی گستاخ ویب سائٹوں پر مستقل پابندی عائد کی جائے ہم امت کو بیدار کرنے کا فریضہ سر انجام دیتے رہے گے ۔

(جاری ہے)

تحریک حرمت رسول ﷺ کے زیر انتظام گجرات، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں ہونیوالی حرمت رسول ﷺ کانفرنسوں میں بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی کانفرنسوں سے مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطابات کیے اور کہا کہ یو ٹیو ب اور فیس بک جیسی گستاخ ویب سائٹوں پر سے پابندی اٹھانے کی باتیں شرمناک ہیں تحفظ حرمت رسول ﷺ کی تحریک کو پوری قوت سے جاری رکھیں گے