5 مرلہ کے گھروں پر ٹیکس ختم کیا جائے ‘ق لیگ نے قرارداد جمع کروادی ،5 مرلہ کی رہائشی سوسائٹیاں ظالمانہ ٹیکس کے خلاف مذمتی قراردادیں پاس کریں ‘ سفید پوش طبقہ کے مسائل سے واقف پرویز الٰہی نے یہ ٹیکس ختم کیا تھا ‘5 مرلہ گھرو ں میں صرف مزدور ، کلرک ،صحافی اور پینشنرزرہتے ہیں ‘سردار وقاص موکل‘ عامر سلطان چیمہ‘ ثمینہ خاور حیات

بدھ 3 جولائی 2013 20:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3جولائی۔ 2013ء) ق لیگ پنجاب نے 5 مرلہ کے گھروں پر عائد کیے گئے پراپرٹی ٹیکس ختم کرنے سے متعلق پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کروا دی ہے ۔ قرارداداراکین صوبائی اسمبلی سردار وقاص حسن موکل ، عامر سلطان چیمہ اور ثمینہ خاور حیات کی طرف سے جمع کروائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

بدھ کوقرارداد جمع کروانے کے بعد اراکین اسمبلی نے اپوزیشن چیمبر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 مرلہ پر مشتمل رہائشی سوسائٹیاں اس ظالمانہ ٹیکس کے خلاف مذمتی قراردادیں پاس کریں ،سفید پوش طبقہ کے دکھوں اور مسائل سے واقف چوہدری پرویز الہٰی نے ٹیکس چھوٹ دی تھی جسے بدقسمتی سے میاں شہباز شریف کے حکم اور ذاتی خواہش پر ختم کر دیا گیا ۔

اراکین اسمبلی نے کہا کہ 5 مرلہ کے گھروں میں صرف مزدور ، کلرک ،صحافی اور پینشنرز رہتے ہیں ان پر ٹیکس لگانا محلات کے مکین حکمرانوں کی زیادتی ہے ۔ثمینہ خاور حیات نے کہا کہ 5 مرلہ کے سفید پوش اور انتہائی مسائل کا شکار طبقہ کی مدد کے لیے سول سوسائٹی بھی اپنا کردار ادا کرے ہم نے بجٹ بحث کے موقع پر اس ٹیکس کی بھر پور مخالفت کی مگر اکثریت کے نشے میں دھت حکمرانوں کو نہ غریب نظر آرہا ہے اور غریب کے مسائل ۔