حکومت نے زکوٰة مستحقین تک پہنچانے کے لئے نادرا سے معاہدہ کیا ، مستحق افراد بھر بیٹھے زکوٰة وصول کرسکیں، لڑکیوں کی شادی، مریضوں کے علاج اور طلباء و طالبات میں اسکالر شپ صاف و شفاف طریقے سے دی جائے گی،صوبائی وزیر زکوٰة و عشر دوست علی راہمو کاتقریب سے خطاب

بدھ 28 اگست 2013 21:19

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔28اگست۔ 2013ء) صوبائی وزیر زکوٰة و عشر دوست علی راہمو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے زکوٰة مستحقین تک پہنچانے کے لئے نادرا سے معاہدہ کیا ہے تاکہ مستحق افراد بھر بیٹھے زکوٰة وصول کرسکیں، لڑکیوں کی شادی، مریضوں کے علاج اور طلباء و طالبات میں اسکالر شپ صاف و شفاف طریقے سے دی جائے گی، یہ بات انہوں نے عمر کوٹ میں زکوٰة مستحقین کی مالی مدد، طلباء و طالبات میں اسکالر شپ اور غریب لڑکیوں میں جہیز کی خریداری کے لئے چیک کی تقسیم کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے زکوٰة کی تقسیم کے نظام کومزید بہتربنانے کی ہدایت کی ہے‘ انہوں نے کہا کہ زکوٰة فنڈ کی تقسیم کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جس میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ تھر کے دور دراز علاقوں میں پچھلے پانچ سالوں کے دوران کوئی بھی نمائندہ نہ ہونے کے باوجود وہاں کے لوگوں کو ہر قسم کی سہولیات اور ترقیاتی اسکیمیں فراہم کی گئی ہیں، صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مستحقین تک زکوٰة پہنچانا ہمارہی ترجیحات میں شامل ہے، ضلع چیئرمین زکوٰة و عشر غلام اکبردرس نے کہا کہ عمرکوٹ ضلع میں مالی سال 2013-2012 دوران مختلف مد میں 95 لاکھ 90 ہزار 166 روپے مستحقین میں تقسیم کئے گئے ہیں جس میں گزارا الاؤنس کی مد میں 4 لاکھ 5 ہزار روپے ‘طلباء و طالبات میں وظیفے کے لئے 36 لاکھ 44 ہزار 700 روپے، دینی مدارسوں کے لیے طلباء کو 19 لاکھ 28 ہزار 966 روپے ، مستحق مریضوں کے علاج کے لیے 13 لاکھ 99 ہزار 500 روپے ، سماجی بھلائی اور بحالی کے لیے 7 لاکھ 50 ہزار روپے ، غریب لڑکیوں کی شادی کے لیے 05 لاکھ 80 ہزار روپے ، عید گزارا لاؤنس کی مد میں 8 لاکھ 82 ہزار روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں جس کی تقسیم کے نظام کو صاف و شفاف بنایا گیا اور اس نظام تقسیم کی مانیٹرنگ بھی کی گئی ہے ، اس موقع پر ڈسڑکٹ زکوٰة آفیسر محمد ذیشان لاشاری ، ڈی آئی او عمرکوٹ شہزاد احمد شیخ ودیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :