تھری جی اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی نیلامی کیلیے سفارشات وزیراعظم کو ارسال

اتوار 6 اکتوبر 2013 12:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اکتوبر۔2013ء) کابینہ کی ایڈوائزری کمیٹی برائے موبائل فون ٹیکنالوجی آکشن نے نیلامی کو موثر انداز میں کرنے اوراس سے زیادہ سے زیادہ ریو نیو حاصل کرنے کے لیے مطلوبہ پالیسی ڈائریکٹو کے بارے اپنی سفارشات وزیراعظم نوازشریف کو بھجوا دیں۔ذرائع کے مطابق ایڈوائزری کمیٹی نے تمام امورکا تفصیلی جائزہ لیا اورآکشن(نیلامی)کے قانونی پہلوئوں کو بھی مدنظر رکھنے کے بعد اپنی سفارشات کو حتمی شکل دی۔

کابینہ کمیٹی وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں کام کر رہی ہے اوراس میں وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی زاہد حامد، وزیرمملکت آئی ٹی انوشہ رحمان ، سیکریٹری قانون وانصاف، ممبرٹیلی کام وزارت آئی ٹی اور چیئرمین پی ٹی اے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تھری جی اور جدید موبائل فون ٹیکنالوجی آکشن سے حکومت نے ایک ارب ڈالرز سے زائد ریونیو حاصل کرنے کا ہدف مقرر کررکھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈوائزری کمیٹی نے آکشن کے ذریعے ریو نیوحا صل کرنے کے لیے مختلف اسٹڈیز اور رپورٹس پر بھی سیرحاصل بحث کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ اسپیکڑم آکشن کوتھری جی ٹیکنالوجی تک محدودنہ کیا جائے بلکہ اسے نیوٹرل ٹیکنالوجی آکشن قراردیا جائے اور آپریٹرز کو موقع فراہم کیا جائے کہ وہ صرف تھری جی کے بجائے فورجی اور جدید ٹیکنالوجی کے لیے سروس مہیا کرسکیں،سفارشات میںکہاگیاہے ان آپریٹرز کو لائسنس حاصل کرنے کے لیے ترجیح دی جائے جو پاکستان کے اندر نئی موبائل ٹیکنالوجی کے لیے لگائے جانے والے آلات کی تیاری یا کم از کم اسمبلنگ کریںتاکہ مقامی سطح پر لوگوں کے لیے روز گار کے مواقع پیدا ہوسکیں،کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ آپریٹرز انفارمیشن اورٹیلی کام سیکٹرمیںتحقیق کی حوصلہ افزائی کریں اور اس کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارشات میں کہاگیاکہ غیر ملکی کے بجائے بین الاقوامی شہرت یافتہ کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کاکہاجائے جس سے پاکستانی کنسلنٹس کوبھی خدمات پیش کرنے کا موقع ملے گا،ذرائع کاکہنا ہے کہ گزشتہ حکومت نے یہ لازمی قراردے دیا تھاکہ کنسلٹنٹ صرف غیر ملکی ہی ہوں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی طرف سے پالیسی ڈائریکٹو کی منظوری کے بعد اسے جاری کیا جائے گا اور پی ٹی اے اسی کی روشنی میں نیلامی کا عمل مکمل کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے پی ٹی اے کے چئیر مین ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے پی ٹی اے حکام کوتھری جی اسپکٹرم اورجدیدٹیکنالوجی کی نیلامی کے لیے مختلف ممالک میں اختیار کیے گئے طریقوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی ہے۔ اس کے علاوہ چیئر مین نے نیلامی کے لیے دیگرتمام مطلوبہ اقدامات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔

متعلقہ عنوان :