Live Updates

سموگ پر قابو پانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم

خصوصی کمیٹی کے اراکین میں 12 محکموں کے وزراءشامل ہیں، کمیٹی سموگ کے خاتمہ کیلئے رپورٹس کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات حکومت کو پیش کریگی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 10 مئی 2024 11:54

سموگ پر قابو پانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 مئی 2024 ء) پنجاب حکومت نے سموگ پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیاہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سربراہی میں 13 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ، خصوصی کمیٹی کے اراکین میں 12 محکموں کے وزراءشامل ہیں، کمیٹی سموگ کے خاتمہ کیلئے رپورٹس کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات حکومت کو پیش کریگی۔

کمیٹی پنجاب بھر میں سموگ کی بڑھتی وجوہات کا بھی سراغ لگائے گی۔خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایات جاری کیں تھیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی تھی۔دوران سماعت ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ ایگریکلچر اور ماحولیات کی جانب سے مل کر گندم کی فصل کی باقیات جلائی گئیں۔

(جاری ہے)

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے تھے کہ سب ملے ہوئے ہیں پتہ نہیں اس ملک کا کیا ہوگا۔عدالت نے سرکاری وکیل کو ماحولیات کے وزیر سے جوڈیشل ممبران کی میٹنگ اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔عدالت عالیہ نے ٹولنٹن مارکیٹ میں ممبر جوڈیشل کمیشن کی جانب سے صفائی ستھرائی کا پلان دینے کے اقدام کی تعریف کی تھی۔

ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ لاہور کی مون مارکیٹ کے گردونواح میں کچرا پڑا ہے، یہ حکومت کا صاف ستھرا پنجاب ہے۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے تھے کہ جو بھی حکومت آتی ہے وہ اپنا کریڈٹ لیتی ہے، وزیر کو پتہ کچھ نہیں ہوتا افسران سب کچھ بتا دیتے ہیں۔بعدازاں عدالت نے تدارک سموگ سے متعلق شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کر دی تھی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات