سعودی خاتون نے اپنے مجازی خدا کا جی لبھانے کیلئے پلاسٹک سرجری کرا ڈالی، شوہر نے طلاق دیدی

ہفتہ 1 فروری 2014 16:14

ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1 فروری 2014ء) سعودی خاتون نے اپنے مجازی خدا کا جی لبھانے کے لئے پلاسٹک سرجری کرائی لیکن شوہر نے الٹا خفا ہوکر اسے ہی طلاق دیدی۔عرب ویب سائیٹ ”العربیہ“ نے اپنی رپورٹ میں سعودی روزنامے ”صدا“ کے حوالے سے بتایا کہ سعودی خاتون کا خیال تھا کہ اس کا شوہر ہالی ووڈ اسٹار کم کاردشیان کی شخصیت اور حسن کا دلدادہ ہے۔

(جاری ہے)

اگر وہ بھی اس جیسی نظر آئے تو اس کا شوہر زیادہ خوش ہوگا، بس پھر کیا تھا اس نے بھی کم کاردشیان سے مشابہت کے لیے ناصرف چہرے کی پلاسٹک سرجری کروا ڈالی بلکہ اپنی چال ڈھال اور رہن سہن کو بھی اس جیسا کرنے کی بھرپور کوشش کی۔خاتون نے کہاکہ خاوند کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے اس نے سب کچھ کرڈالا تاہم اس کا نتیجہ تو الٹا ہی نکلا اس نے خاتون سے باز پرس کی اور بالاخر نتیجہ یہ نکلا کہ اس نے خاتون کو طلاق دے کر کسی دوسری عورت سے شادی رچالی۔