یواے ای،یوسف القرضاوی کے متنازعہ بیان پر قطری سفیر کی دفترخارجہ طلبی، فارس النعیمی کو طلب کرکے احتجاجی یادداشت حوالے کی گئی،قطری عالم دین نے یواے ای پالیسیوں پر تنقید کی تھی

پیر 3 فروری 2014 20:49

دوحہ/دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء)خلیجی ریاست قطر کے ممتازعالم دین علامہ یوسف القرضاوی کے متنازعہ بیان پر متحدہ عرب امارات میں متعین قطری سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر یوسف القرضاوی کے ایک متنازعہ بیان پریو اے ای نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ابوظہبی میں متعین قطری سفیر فارس النعیمی کو دفتر خارجہ طلب کیا اور ایک احتجاجی یادداشت ان کے حوالے کی گئی،قطری عالم دین نے حال ہی میں اپنے ایک جمعہ کے خطبہ میں متحدہ عرب امارات کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی تھی، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔

خلیجی ریاستیں اپنے گروپ میں شامل قطر پر اخوان المسلمون کے حامیوں کی پشت پناہی کا الزام عائد کرتی رہی ہیں جس کے باعث دوحہ اور دوسرے خلیجی ممالک میں تنا پیدا ہوتا رہتا ہے ،ادھر قطری وزیر خارجہ خالد العطیہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ علامہ یوسف القرضاوی قطری محکمہ خارجہ کے نمائندہ نہیں ہیں کہ ان کے بیانات کو اتنی سنجیدگی سے لیا جائے۔

(جاری ہے)

وہ ایک عالم دین ہیں اور سرکاری اور نجی ٹیلی ویژن چینلوں سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور دوسرے ملکوں کے احتجاج بلا جواز ہیں۔