بھارتی لوک سبھا میں تاریخ رقم، چھریاں لہرائی گئیں، مرچوں کا اسپرے

جمعرات 13 فروری 2014 16:12

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2014ء)بھارت میں نئی ریاست کے قیام سے متعلق بل پیش کرنے سے قبل ہی لوک سبھا اکھاڑے کا منظر پیش کرنے لگی چاقو لہرائے گئے، مرچوں کا اسپرے کیا گیا، بھارتی وزیر اعظم نے اس سارے ہنگامے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آج بھارتی لوک سبھا میں ریاست آندھر پردیش کی تقسیم اور نئی ریاست تلنگانہ بنانے سے متعلق بل پیش کیا جانا تھا، لیکن اس بل کی مخالف جماعتیں کا نگریس کے اس اقدام پر کچھ زیادہ ہی ناراض تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس پر شدید احتجاج شروع کردیا اور نوبت ہاتھا پائی تک جاپہنچی، کسی نے چھری نکالی ، تو کسی نے اپنا غصہ مرچوں کا اسپرے کرکے نکالا، صورتحال بگڑی تو اسپیکر صاحبہ بھی سیٹ چھوڑ کرمیدان چھوڑ گئیں۔ وزرا کا رہا سہا غصہ اترا تو مائیک پر،ادھر مرچوں کے اسپرے نے بھی اثر دکھایا اور وزیر بھی آنکھیں ملنے لگے، کچھ نے نظر نہ آنے کی شکایت کی، جس کے بعد ایمبولینس منگوائی گئی اورایوان خالی کرالیا گیا۔بل تو پیش نہ کیا جاسکا، لیکن یہ دن بھارت کی تاریخ میں رقم ہوگیا کیونکہ لوک سبھا میں اس طرح کی لڑائی پہلی بار ہوئی۔