معاہدے پر دستخط نہ کرنے کی صورت میں فوجیں نکال لیں گے،نیٹوکااعلان،ا فغانستان نہیں چاہتاتوہمیں بھی شوق نہیں ہے،دسمبر تک تمام دفاعی سامان وفوجی نکال لیں گے،راسموسن کا خطاب

بدھ 26 فروری 2014 22:13

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء)امریکا کے بعد نیٹو نے بھی دھمکی دی ہے کہ اگر افغانستان نے سیکورٹی معاہدے پر دستخط نہ کیئے تو دسمبر 2014سے قبل تمام غیر ملکی فوجیں نکال لی جائیں گی،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بدھ کو نیٹو ممالک کے وزرائے دفاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیٹو کے چیف آندرے فوگ راسموسن نے کہاکہ اگرا فغانستان نہیں چاہتاکہ نیٹو فوجیں اس کے ملک میں رہیں اورخطے میں امن قائم ہوتو انہیں بھی کوئی شو ق نہیں ہے ،انہوں نے کہاکہ اگرا فغانستان کے صدرحامد کرزئی امریکا کے ساتھ سیکورٹی معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے تو وہ دسمبر 2014تک تمام غیرملکی افواج واردیگر دفاعی سازوسامان وہاں سے منتقل کردیں گے ،انہوں نے کہاکہ افغانستان میں نیٹو فوجیں رکھنا ان کی ترجیح نہیں ہے بلکہ وہ خطے میں قیام امن چاہتے ہیں ،انہوں نے افغان صدر کرزئی کے معاہدے پر دستخط نہ کرنے پر مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں اتنی قربانیاں دینے کے بعد نیٹو ممالک افغان حکومت سے تشکر کی امید رکھتے ہیں،اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ افغانستان کی سکیورٹی کی صورتحال اور اتحادی افواج کے محفوظ انخلاء پر غور کیا جا رہا ہے،انہوں نے امید ظاہرکی کہ 2014 ء میں افغانستان سے نیٹو جنگی دستوں کے انخلاء کے موقع پر ملک میں تشدد میں اضافے کے ضمن میں بھی یہ امر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کہ مجوزہ صدارتی انتخابات کو یقینی طور پر آزاد اور شفاف بنایا جائیگا۔