بنگلہ دیش ، شدید گرمی کے باعث ہزاروں سکول بند ، تین کروڑ تیس لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر

جمعرات 25 اپریل 2024 16:16

بنگلہ دیش ، شدید گرمی کے باعث ہزاروں سکول بند ، تین کروڑ تیس لاکھ بچوں ..
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) بنگلہ دیش کے کچھ حصوں میں شدید گرمی کے باعث ہزاروں سکول بند کردیئے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں تین کروڑ تیس لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ گیا ہے جس کے بعد ہزاروں سکول و کالج کم از کم 27 اپریل تک بند کر دیئے گئے ہیں۔

شدید گرمی کے باعث کئی علاقوں میں نماز استسقا ادا کی گئی ہے۔ اس سے قبل بھارت اور فلپائن میں بھی ہیٹ ویو کے باعث تعلیمی ادارے بند کئےجا چکےہیں۔ سیو دی چلڈرن بنگلہ دیش کے ڈائریکٹر شومن سین گپتا نے کہا بنگلہ دیش کے بچے دنیا کے غریب ترین بچوں میں سے ہیں، اور گرمی سے متعلقہ سکولوں کی بندش ہم سب کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات کے حکام نے جمعرات کو رواں ماہ کے دوران چوتھی بار شدید گرمی کا الرٹ جاری کیا اور کہا ہے کہ شدید گرمی کی لہر کم از کم مزید ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔

بنگلہ دیش میں حکام نے ہسپتالوں اور کلینکس سے کہا ہے کہ وہ گرمی سے متعلقہ بیماریوں بشمول بخار اور سردرد کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے سے مریضوں کے زیادہ بوجھ کے لیے تیار رہیں۔بنگلہ دیش کے وزیر صحت وزیر صحت سمنتا لال سین نے ہدایت کی ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ مریضوں کو ایئر کنڈیشنڈ وارڈز میں رکھا جائے ۔انہوں نے ملک کے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ ماحولیا تی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کرنے سے متعلق فیصلہ سازی اور سرمایہ کاری خاص طور پر غربت، عدم مساوات اور امتیازی سلوک سے متاثر ہونے والے بچوں کو ریلیف دینے کے اقدامات پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔

دریں اثنا یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی ایشیا اور بحرالکاہل میں 243 ملین سے زیادہ بچے گرمی سے متعلق بیماریوں اور موت کے خطرے سے دوچار ہیں۔یونیسیف نے مزید کہا کہ غیر معمولی طور پر زیادہ درجہ حرارت خاص طور پر نوزائیدہ بچوں کے لئے سنگین خطرات کا باعث ہے، کیونکہ وہ بالغ افراد کے مقابلے میں اپنے جسمانی درجہ حرارت کو کم کنٹرول کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔تھائی لینڈ میں اس سال جنوری سے 17 اپریل کے درمیان ہیٹ اسٹروک سے 30 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ اسی طرح میانمار میں ایک دن قبل بعض مقامات پر درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔ فلپائن میں رواں ماہ کے آغاز میں شدید گرمی کے باعث 47 ہزار سکولوں کو بند کرنا پڑا تھا۔