بلجیم مقامی جہادی نیٹ ورک کیلئے بھرتیاں کرنے والے 19 لوگوں کے خلاف عدالتی کارروائی کا آغاز ہو گیا

منگل 11 مارچ 2014 14:20

برسلز(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11مارچ 2014ء) بلجیم میں مبینہ طور پر ایک مقامی جہادی نیٹ ورک کیلئے بھرتیاں کرنے والے 19 لوگوں کے خلاف عدالتی کارروائی کا آغاز ہو گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سخت سیکورٹی میں شروع ہونے والی کارروائی میں پندرہ مردوں اور چار عورتوں پر الزام ہے کہ انہوں نے صومالیہ میں جہادی گرہوں کے ہمراہ لڑائیوں میں حصہ لیا یا وہاں جانے کی کوشش کی اور بلجیم کی ایک مقامی جہادی تنظیم کی معاونت کی۔

تمام 19 ملزمان پرایک دہشت گرد گروپ سے تعلق رکھنے کے الزامات ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان میں شامل برسلز کے ایک ہیئر ڈریسر حسن خافی پہلے ہی عدالت میں اعتراف کر چکے ہیں کہ انہوں نے 2011 صومالیہ میں القاعدہ سے منسلک گروپ الشباب میں شامل ہونے کی کوشش کی تھی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 39 سالہ خافی نے برسلز میں عدالت کو بتایا کہ انہوں نے صومالیہ میں کسی لڑائی میں حصہ نہیں لیا تھا کیونکہ الشباب نے انہیں ناقابل بھروسہ تصور کرتے ہوئے ان کے پاسپورٹ ضبط کر لیے تھے۔خافی کو مئی 2012، کینیا میں گرفتار کرنے کے بعد پچھلے سال بلجیم کے حوالے کر دیا گیا۔ان کے تین ساتھی غیر قانونی طور پر کینیا میں داخل ہونے پر قید ہیں،اور انہیں جلد ہی بلجیم واپس بھیجے جانے کا امکان ہے۔