صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی کے فلسطینی شہریوں کو جیلوں میں قید عزیز و اقارب سے ملاقات سے روک دیا

منگل 18 مارچ 2014 14:46

غزہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18مارچ 2014ء) قابض صہیونی فوج نے فلسطینی شہر غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے فلسطینی شہریوں کو مقبوضہ مغربی کنارے کی جیلوں میں زیرحراست اپنے عزیز و اقارب سے ملاقات سے روک دیا۔ مرکز برائے حقوق اسیران کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کے روز غزہ کی پٹی کے کئی افراد جن میں خواتین بھی شامل تھیں مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنے اسیر عزیزوں سے ملنے جا رہے تھے۔

صہیونی فوج نے انہیں دونوں شہروں کے درمیان بیت حانوں گزر گاہ پر روک لیا۔

(جاری ہے)

تمام فلسطینیوں کو خراب موسم کے باوجود کئی گھنٹے سڑک پر کھڑا رکھنے کے بعد انہیں یہ کہہ کرواپس بھیج دیا کہ گزرگاہ نہیں کھولی جا سکتی ۔صہیونی فوج کے غیرانسانی رویئے پر فلسطینی شہری سخت مشتعل ہوئے اور انہوں نے قابض فوج کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ قابض فوج نے قیدیوں کے ملاقاتیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں جبرا واپس کر دیا گیا۔انسانی حقوق کی تنظیم نے اسیران کے اہل خانہ کیساتھ صہیونی فوج کی مبینہ بدسلوکی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج کے پاس فلسطینی شہریوں کو اپنے اسیرعزیز و اقارب سے ملاقات سے روکنے کا کوئی ٹھوس جواز نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :