ملک بھر میں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا جارہاہے، ایوان صدر میں مسلح افواج کی مشترکہ علامتی پریڈ،صدر اور وزیراعظم کی پرچم کشائی

اتوار 23 مارچ 2014 12:18

ملک بھر میں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا جارہاہے، ایوان صدر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) ملک بھر میں آج یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا جارہاہے، لیکن آج کا دن اس لیے بھی زیادہ خاص ہوگیا کہ چھ سال بعد یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی علامتی پریڈ ہوئی ، پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا ، اور صدر مملکت نے وزیراعظم کے ہمراہ پرچم کشائی کی ۔

یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارلحکومت میں دن کا آغاز اکتیس توپوں کی سلامی سے ہوا ، مساجد میں ملک کی ترقی کے لیے حصوصی دعائیں بھی کی گئیں ، یوم پاکستان کی پروقار تقریب ایوان صدر میں ہوئی ، طویل عرصے بعد ہونے والی تقریب میں شرکت کیلیے صدر مملکت ممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ روایتی بگھی میں پہنچے،تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، پاک فضائیہ اور نیوی کے سربراہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے علاوہ وفاقی وزرا اورعمائدین شہر بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

پرچم کشائی سے پہلے قومی ترانہ پیش کیا گیا۔صدر مملکت ممنون حسین نے پرچم کشائی کی ،اس موقع پر ملی نغمے بھی پیش کیے گئے۔پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے صدر مملک کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔تقریب کے آخر میں پاک فضائیہ کے لڑاکاطیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، جس کی قیادت مقامی طورپر تیار کردہ جے ایف سیونٹین تھنڈر میں سوار ونگ کمانڈر رونلڈ افضل کررہے تھے۔

اس کے بعد ایف سیون بی کے چار طیاروں کی فارمیشن نے فلائی پاسٹ کیا۔کے ایٹ جہازوں نے فضا میں اپنا جادو جگایا۔نو ہیلی کاپٹرز پر مشتمل پاک فوج کے ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز بھی فلائی پاسٹ میں شریک تھے۔ان کے بعد کوبرا ہیلی کاپٹرز آسمان پر جلوہ گر ہوئے۔اس موقع پر ترکی سے آئے ملٹری بینڈ نے بھی کارکردگی پیش کی اورجیوے جیوے پاکستان گاکر تو جیسے سب کے دل جیت لیے ۔