ملائیشیاکالاپتہ طیارہ مل جائیگا،سربراہ تلاشی مہم

ہفتہ 3 مئی 2014 15:16

ملائیشیاکالاپتہ طیارہ مل جائیگا،سربراہ تلاشی مہم

کولاالمپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3مئی 2014ء)ملائیشیا کے لاپتہ طیارے کی تلاش کرنے والی مہم کے سربراہ نے کہا ہے کہ لاپتہ جہاز ایم ایچ تین سو ستر مل جائیگاتاہم اس کام کے لیے تھوڑاعرصہ درکارہے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لاپتہ طیارے کی تلاش کرنے والی مہم کے رہنما ریٹائرڈ ایئر چیف مارشل اینگس ہوسٹن نے کوالالمپورمیں کہا کہ وہ پر اعتماد ہیں کہ موثر تلاش کی بدولت وہ طیارہ ڈھونڈ نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے،ان کا کہنا تھاآسٹریلیا، چین اور ملائیشیا کے حکام آئندہ ہفتے کینبرا میں ملاقات کے دوران لاپتہ طیارے کی جاری تلاش پر بحث کریں گے، اس اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا،انھوں نے مزیدکہا کہ تلاش میں آٹھ مہینے لگ سکتے ہیں، اور خراب موسم یا دیگر مسائل کی وجہ سے اس پر بارہ مہینے بھی لگ سکتے ہیں،ان کا کہنا تھاکہ لیکن ہم ایم ایچ تین سے ستر کو تلاش کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں اور میں پر اعتماد ہوں کہ موثر تلاش کے ذریعے آخر کار یہ طیارہ مل ہی جائے گا۔