حکومت واضح کرے تعلیم کے بارے میں ان کی کیا پالیسی ہے ، سردار عبدالرحمن کھیتران ،حکومت بلوچستان ہر سال نئے سکول قائم کرتی ہے سکول معیار کے مطابق کھولے جاتے ہیں ، سردار رضا بڑیچ کا جواب

جمعرات 15 مئی 2014 20:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مئی۔2014ء) بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی گل دمڑ کے 28ستمبر 2013اور 22اپریل 2014کے موخر شدہ سوال کے جواب میں مشیر برائے تعلیم سردار رضا بڑیچ نے ایوان کو بتایا حکومت بلوچستان ہر سال نئے سکول قائم کرتی ہے سکول درجہ ذیل معیار کے مطابق کھولے جاتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم تعلیم پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔

اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہاکہ حکومت واضح کریں کہ تعلیم کے بارے میں ان کی کیا پالیسی ہے جس پر صوبائی وزیر قانون پارلیمانی امور اطلاعات ونشریات عبدالرحیم زیارتوال نے کہاکہ حکومت کے اس بارے میں پالیسی گذشتہ اجلاس میں بتادی گئی تھی جس پر سردار عبدالرحمن کھیتران نے احتجاج کیا اور کہاکہ پالیسی کے بارے میں سردار رضا بڑیچ ہی بتائیں کہ کیا ہیں اس دوران عبدالرحیم زیارتوال اور سردار عبدالرحمان کھیتران کے درمیان کافی بحث ومباحثہ اور نوق جوق جاری رہی حاجی گل دمڑ کے 22اپریل 2014کے موخر شدہ دوسرے سوال کے جواب میں صوبائی مشیر تعلیم نے کہاکہ محکمہ تعلیم میں فی الوقت ایس ایس ٹی سائنس اور جنرل کی کل 2386آسامیاں خالی پڑی ہیں کیونکہ ایس ایس ٹی کی آسامیاں گریڈ B17کی ہے لہذا حکومت بلوچستان پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کے بعد تعیناتی عمل میں لائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

جیسے ہی 50فیصد کوٹہ سکیم برائے ترقی حاضر سروس اساتذہ کے سلسلے میں بلوچستان ہائیکورٹ کی جانب سے فیصلہ آئیگا ۔اس کی روشنی میں نئی تعیناتیوں کیلئے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کا ارسال کردیا جائیگا ۔اے این پی کے پارلیمانی لیڈر اور اپوزیشن کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی کی غیر موجودگی میں ان کے تمام سوالات کو آئندہ اجلاس کیلئے اسپیکر نے موخر کردیا ۔جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی ایوان میں موجود نہیں تھے اس لئے ان کے ایکسائز اور ٹیکسیشن کے سوالات بھی موخر کردیئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :