ڈاکٹر طاہرالقادری گورنر پنجاب کے ہمراہ طیارے سے باہر آگئے

پیر 23 جون 2014 16:14

ڈاکٹر طاہرالقادری گورنر پنجاب کے ہمراہ طیارے سے باہر آگئے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جون 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ساتھ طیارے سے باہر آگئے جس کے بعد وہ ان کے ساتھ القادری ہاؤس پہنچیں گے ڈاکٹر طاہر القادری دبئی سے نجی ایئر لائن کی پرواز ای کے 612 سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے تاہم راولپنڈی کی حدود میں داخل ہونے کے بعد ان کے طیارے کا رخ لاہور کی جانب موڑ دیا گیا اور طیارے نے 9 بج کر 35 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا لیکن ڈاکٹر طاہر القادری کے طیارے سے باہر آنے سے انکار پر طیارہ ایئرپورٹ پر ہی کھڑا رہا لیکن اب طاہر القادری نے 3 شرائط پر طیارے سے باہر آنے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ ذاتی سیکیورٹی میں اپنے گھر جا ئیں گے اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی ان کے ہمراہ جائیں گے، میرے سیکیورٹی گارڈز کو رن وے پر آنے کی اجازت دی جائے، میڈیا کی گاڑیاں بھی میرے ساتھ جائیں گی اور بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھ کر ماڈل ٹاون میں واقع القادریہ ہاؤس جاؤں گا، طیارے میں موجود دیگر ساتھیوں کے لئے بھی گاڑیوں اور سیکیورٹی کا بندوبست کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ فوج کا نمائندہ مجھ سے مذاکرات کے لئے تیار ہو گیا تھا لیکن حکومت پنجاب نے اسے آنے سے منع کر دیا۔

اس سے قل ڈاکٹر طاہر القادری نے مطالبہ کیا تھا کہ جب تک فوجی قیادت یا کور کمانڈر کی سطح کا شخص آکر بات نہیں کرتا اس وقت تک طیارے سے باہر نہیں آئیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ طیارے کے باہر سیکڑوں دہشت گردوں کو پولیس کی وردیاں پہنا کر کھڑا کر دیا گیا ہے جن سے ہماری جانوں کو خطرہ ہے لہذا جب تک فوج کی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی اس وقت تک گھر نہیں جاؤں گا، ہمیں صرف فوج کی سیکیورٹی میں گھر پہنچایا جائے۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ طیارے کے تمام مسافر اسلام آباد جانے کا مطالبہ کررہےہیں لیکن اگر کوئی لاہور ایئرپورٹ پر اترنا چاہتا ہے تو وہ اتر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے طیارے کو ہائی جیک کرلیا ہے ہم ان کے خلاف ہائی جیکنگ کا مقدمہ درج کرائیں گے۔ طاہر القادری کے طیارے کی لاہور ایئرپورٹ پر آمد کے موقع پر سیکیورٹی بھی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور باوردی پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ 150 کے قریب سول وردی میں ملبوس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے، شہر کے دیگر حصوں میں بھی ہنگالی صورت حال سے نمٹنے کے لئے بڑی تعداد میں پولیس کی نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارے نے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے 8 چکر لگائے لیکن پرواز کو لینڈنگ کی اجازت نہ دی گئی۔

متعلقہ عنوان :