میک اپ کا جنون،ایرانی خواتین یورپ سے آگے نکل گئیں

منگل 24 جون 2014 12:11

میک اپ کا جنون،ایرانی خواتین یورپ سے آگے نکل گئیں

تہران(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جون 2014ء) ایرانی خواتین کو میک اپ کرنا اتنا پسند ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے مغربی خواتین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ آج کا ایران دنیا بھر میں میک اپ کی ساتویں سب سے بڑی مارکیٹ بن چکا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی خواتین کو اگرچہ اپنے گھروں سے لازمی طور پر نقاب اور کوئی ڈھیلا ڈالا برقعہ پہن کر نکلنا پڑتا ہے، تاہم اس پابندی نے ان کے میک اپ کے شوق میں کوئی کمی نہیں کی۔

اے ایف پی کے مطابق ایرانی خواتین میں یہ احساس بہت شدید ہے کہ انہیں اپنی جلد کو نرم اور چہروں کو خوبصورت رکھنے کے لیے میک اپ پر کافی رقم خرچ کرنی چاہیے۔ ایرانی خواتین میں روزانہ میک اپ کرنے کی عادت اتنی عام ہے کہ انہوں نے کئی مغربی لبرل ملکوں کی عورتوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایران کی مجموعی آبادی میں خواتین کی تعداد 38 ملین سے زائد ہے۔

اگر جسمانی بناو سنگھار کی مصنوعات پر خرچ کی جانے والی اوسط رقوم کو دیکھا جائے، تو ایران مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب کے بعد میک اپ پروڈکٹس کی دوسری سب سے بڑی منڈی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران میک اپ مصنوعات کی تیزی سے پھیلتی ہوئی منڈی ہے، جس کی سالانہ مالیت سینکڑوں ملین ڈالر ہے۔ اس مارکیٹ کا ایک حصہ باقاعدہ درآمد کردہ یا مقامی طور پر تیار کردہ کاسمیٹک مصنوعات پر مشتمل ہوتا ہے۔ دوسرا حصہ ایسی سمگل شدہ میک اپ پروڈکٹس پر مشتمل ہوتا ہے، جن کی ایرانی دکانوں میں کوئی کمی نہیں ہوتی۔

متعلقہ عنوان :