شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لیے بین الاقوامی امداد نہیں لی جائے گی،این ڈی ایم اے

منگل 24 جون 2014 21:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جون 2014ء) قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لیے بین الاقوامی امداد نہیں لی جائے گی،این ڈی ایم اے کے ممبر آپریشنز بریگیڈیئر مرزا کامران نے ایک انٹرویومیں کہاکہ حکومت متاثرین کی مدد اور بحالی کی اہلیت اور صلاحیت رکھتی ہے۔

بریگیڈیئر مرزا کامران نے کہاکہ کسی بھی بین الاقوامی تنظیم نے حکومت سے رابطہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی حکومت ان سے رابطے کا کوئی ارادہ رکھتی ہے کیونکہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور این ڈی ایم اے کے ساتھ فاٹا ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی، فوج اور سول انتظامیہ امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہی ہے۔بریگیڈیئر مرزا کامران کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے صرف ایک ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام کو شامل کیا گیا ہے اور وہ بھی اس لیے کہ حکومت پاکستان انھیں رعایت پر گندم فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر مرزا کامران نے بتایاکہ ہر خاندان کو موبائل فون کی سم دی جائے گی جس سے شناختی کارڈ کی تصدیق ہوگی۔ اگر وہ شخص خاندان کا سربراہ ہے تو پھر اس کو پیغام بھیجا جائے گا کہ وہ آ کر سات ہزار رپے وصول کرے۔ 15 روز کے اندر وطن کارڈ کی طرح پلاسٹک کارڈ بن جائے گا جس کے ذریعے اگلے چھ ماہ تک 11 ہزار روپے فی ماہ اکاوٴنٹ کے ذریعے دیے جائیں گے۔انھوں نے بتایا کہ متاثرین پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، لکی مروت اور ڈیرہ ساماعیل خان بھی گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :