آسٹریلیاکے شہری کو اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے کیلئے ہزاروں میل کاسفرطے کرناپڑا

بدھ 25 جون 2014 21:39

آسٹریلیاکے شہری کو اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے کیلئے ہزاروں میل کاسفرطے ..

کینبرا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جون 2014ء)آسٹریلیا کے ایک شخص کو اپنے بینک اکاوٴنٹ سے پیسے نکالنے کے لیے ہزاروں کلومیٹر کا ہوائی سفر کرنا پڑا،میڈیارپورٹس کے مطابق اس کی وجہ یہ تھی کہ بینک نے آن لائن سکیورٹی نظام کو اپ گریڈ کر دیا تھا جس کی وجہ سے کیش مشین ان کے کارڈ کو ان ویلڈ یا غیر قانونی قرار دے رہی تھی،تعلیمی کنسلٹینٹ رابرٹ لیوس نے 2011 میں ہانگ کانک کے ایچ ایس بی سی بینک میں اپنا اکاوٴنٹ کھلوایا تھا۔

انھیں وہاں سے جاری اپنے کیش کارڈ کو اپنے آبائی شہر واگا واگا میں استعمال کرنے میں مشکل پیش آئی۔ان سے کہا گیا کہ انھیں ایچ ایس بی سی کی سڈنی برانچ میں آ کر پتے کی تبدیلی کا ایک فارم بھرنا ہوگا تب ان کا کارڈ بحال ہو گا،اس کے لیے آمد و رفت میں انھیں 10گھنٹے کا سفر درکار تھا۔

(جاری ہے)

لیکن ان کی مصیبت اس وقت مزید بڑھ گئی جب ہانگ کانگ میں ان کے بینک نے بھی یہ کہتے ہوئے ان کی درخواست مسترد کر دی کہ ان کے دستخط ان کے ریکارڈ میں درج دستخط سے نہیں ملتے،لیوس کے پاس ہانگ کانگ کے لیے مزید 7400 کلو میٹر کا ہوائی سفر کرنے کے علاوہ دوسرا چارہ نہیں رہ گیا تھا جہاں جا کر انھوں نے بینک کو اپنے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ دکھائے تب جا کر کہیں معاملہ حل ہوا،لیوس اب اپنے سفر کے اخراجات اور پریشانی کا سامنا کرنے پر بینک سے ہرجانے کی رقم چاہتے ہیں،انھوں نے کہا کہ وہ ایسے بینک سے اس سے زیادہ کی امید کرتے ہیں جو اپنی تشہیر’دنیا کے مقامی بینک‘ کے طور پر کرتا ہے،بینک نے ان کی درخواست پر عمل درآمد میں ہونے والی غلطی پر معافی مانگی ہے۔