پھلوں کی کامیاب کاشت کیلئے مثالی درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، زرعی ماہرین

پیر 30 جون 2014 14:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جون 2014ء)ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ پھلوں کی کامیاب کاشت کیلئے مثالی درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔پھل دار پودوں سے بہترین اور عمدہ قسم کا پھل حاصل کرنے کیلئے موسم کے مطابق ان کی دیکھ بھال کرنا ضروری ہے۔ پھلدار پودے موسموں کے تغیرو تبدل اور ناموافق تبدیلیوں کا اثر بہت جلد لیتے ہیں اور یہ ناموافق حالات پھل دار پودوں اور ان پر لگے ہوئے پھل کے لحاظ سے نازک مراحل میں وقوع پذیر ہوں تو پودوں اور ان پر لگے ہوئے پھل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتاہے۔

گرمی اور خشکی سے پھل جھلس جاتا ہے اور اس کا چھلکا پھٹ جاتا ہے جس سے پھل کی خاصیت متاثر ہوتی ہے اور باغبانوں کی آمدنی میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

پھل بننے سے اس کے پکنے تک ایک لمبا عرصہ درکار ہے اور اس لمبے عرصہ میں موسم گرما کی شدت سے بھی پھلوں کو گزرنا پڑتا ہے۔ زیادہ درجہ حرارت کے مضر اثرات سے پودوں کو بچانے کیلئے حفاظتی اقدات کیے جائیں۔

باغبان حضرات کو پودوں کو گرمی سے بچانے کیلئے مناسب تدابیر کا علم ہونا نہایت ضروری ہے انہیں گرمی ،زیادہ درجہ حرارت کے پودے پر اثرات کے متعلق بھی معلوم ہونا چاہیے۔زیادہ گرمی کی وجہ سے پتوں کے مسام بند ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے ضیائی تالیف کا عمل صحیح طور پر نہیں ہوتا اور پودوں میں خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے پتے زرد ہو جاتے ہیں اور ان میں سبز مادہ نہ ہونے کی وجہ سے پتے نشاستہ یعنی کاربوہائیڈریٹ نہیں بنا سکتے اور اس طرح پھل کی نشوونما بری طرح متاثر ہوتی ہے۔