اقتدار کے پجاریوں کی غیر جمہوری اقدامات کی خواہشیں دم توڑنے لگی ہیں،علی اکبر گجر

ہفتہ 5 جولائی 2014 16:51

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5جولائی 2014ء)اقتدار کے پجاریوں کی غیر جمہوری اقدامات کی خواہشیں دم توڑنے لگی ہیں ملک کی بقا اور استحکام کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے بالآ خر ماضی بن کر رہ جائیں گے؛ جمہوریت اور پاکستان لازم و ملزوم ہوچکے ہیں حکمران مسلم لیگ(ن) کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی نواردان جمہوریت کے لئے کی جانے والی جدو جہد کی تاریخ سے ناواقف ہیں․ پارٹ ٹائم سیاست دانوں کو علم ہی نہیں کہ اکتوبر 1958، جولائی 1977 اور اکتوبر1999 جمہوری تاریخ کے سیاہ ترین ابواب کا حصہ ہیں جو کبھی واپس نہیں آئیں گے․ سیاسی اناڑیوں کی غیر جمہوری سیاست کے لئے عوام کے دلوں میں کوئی جگہ نہیں․ جمہوریت مسلسل خطرات کے ساتھ نبرد آزما رہنے کے بعد مثبت سمت کی طرف بڑھنے لگی ہے جسے ڈی ریل کرنے کے سیاسی مفاد پرستوں کا ٹولہ ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے․ سیاسی بازی گر یہ بات مت بھولیں کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں اب کبھی کوئی 12 اکتوبر یا 5 جولائی دوبارہ نہیں آئے گا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے پانچ جولائی 1977 کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جمہوریت کی راہ میں جب بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پرا․ آمرانہ حکومتیں پاکستان کی معیشت، صنعت، تجارت کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کے لئے بھی مسائل کا سبب بنتی رہیں ہیں․ اکتوبر 1999 میں اگر مشرف پاکستان مسلم لیگ(ن) کی منتخب حکومت پر شبخون نہ مارتا تو آج پاکستان ایشیا کی مضبوط ترین معاشی طاقت ہوتا․ بدقسمتی سے پاکستان میں ایک بار پھر عوام کے مسترد سیاست دانوں کا ٹولہ سیاسی نواردان کے ہاتھوں میں کھیل کر جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے لیکن تین کا ٹولہ یہ بات یاد رکھے کہ وقت تبدیل ہوچکا ہے دنیا ایک مضبوط اور توانا پاکستان کی تعمیر کے عمل کو دلچسپی اور توجہ سے دیکھ رہی ہے․ عالمی سرمایہ کار پاکستان مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے جوق درجوق پاکستان کا رخ کر رہے ہیں․ خیبر سے کراچی اور کشمور سے چمن تک ترقیاتی منصوبوں کے آغاز نے عوام کے ٹھکرائے ہوئے سیاسی عناصر کی نیندیں اڑا دی ہیں ․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی ترجمان علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان کے عوام احتجاج، ریلیوں اور دھرنوں کی سیاست مسترد کر کے ملک کو ماضی کی آمریت کے اثرات سے پاک کرنے کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں ․ پاکستان کی مسلح افواج ملک کو دہشت گردی اور لاقانونیت کے عفریت سے پاک کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں ․ موجودہ صورتحال میں پاکستان کو غیر یقینی صورتحال کی طرف دھکیلنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پاکستان دوست منصوبے اور عوام کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلیوں کے پروگرام ہمیشہ ہمارے سیاسی مخالفین کی آنکھوں میں کھٹکتے رہے ہیں اور ہماری ہر حکومت کو پاکستان کی تعمیر نوسے روکنے کے لئے ہم دور میں ایسی سازشیں ہوتی رہی ہیں اور ہر بار ہی عوام نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت پر ماضی سے زیادہ اعتماد کرکے انہیں بار بار منتخب کیا․ علی اکبر گجر نے کہا کہ ریلیوں، دھرنوں اور مارچوں کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہوچکی اب پاکستان میں تبدیلی کی اصل قوت عوام ہیں جن کا انتخاب پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صورت میں دنیا کے سامنے ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کے اعتماد کی قوت سے پانچ سالوں میں نہ صرف عوام کی تقدیر بدلے گی بلکہ پاکستان دنیا کی ترقی یافتہ ریاستوں کی صف میں کھڑا نظر آئیگا۔